برطانیہ: گھر میں آگ لگنے سے پاکستانی خاتون اور 4 بچے جاں بحق

Pakistani Family Killed

Pakistani Family Killed

برطانیہ(جیوڈیسک)برطانیہ میں ایک پاکستانی نژاد فیملی کے گھر کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی،جس کے نتیجےمیں ایک خاتون اور اس کے چاربچے جاں بحق ہوگئے۔ آتشزنی کے واقعے میں تین سالہ بچی شدید زخمی ہوئی۔خاندان کا سربراہ بھی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔

برطانیہ کی کانٹی ایسسکس میں آتش زنی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ہارلو میں نامعلوم افراد نے ایک پاکستانی نژاد خاندان کے گھر کو آگ لگادی ۔جس کے نتیجے میں ڈاکٹرصبا عثمانی ان کے دو بیٹے گیارہ سالہ صہیب اور چھ سالہ ریان جاں بحق ہوگئے۔تیرہ سالہ لڑکی حراکی جھلسی ہوئی میت مکان سے نکالی گئی جبکہ نوسالہ منیب ہسپتال میں دم توڑگیا۔

خاندان کے سربراہ ڈاکٹرعبدالشکور اور تین سالہ بچی ماہین ہسپتال میں زیرعلاج ہیں،جہاں بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ آتشزنی کا معلوم  ہوتا ہے، ایسسکس کاونٹی میں ایسا اندوہناک اس سے پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ مکان کے قریب سے ایک جلی ہوئی کار بھی ملی ہے جسے بھی آگ لگائی گئی۔

خاندان کے سربراہ ڈاکٹرعبدالشکور نے اپنے خاندان کو بچانے کی آخری حدتک کوشش کی ۔ اس دوران وہ سانس کی نالی میں دھواں بھر جانے سے بے ہوش ہوئے۔فائرفائٹرز نے بتایا کہ آگ نیچے سڑھیوں سے لگی ،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اوپری منزل کو لپیٹ میں لے لیا،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تیل چھڑک کرآگ لگائی گئی ہو۔پولیس نے اہل علاقہ سے تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔