گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کو جب دہشت گردوں نے امریکہ پر حملہ کیا، اس کے ساتھ ہی امریکہ کی خارجہ پالیسی تبدیل ہو گئی، اور اس وقت کے امریکہ کے صدر، جارج ڈبلو بش نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کا اعلان کر دیا۔ اسکے فورا بعد امریکی فورسز نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ لیکن بش انتظامیہ کی نظر میں صدام حسین کی حکومت بھی امریکہ کے لیے خطرہ تھی۔ مارچ 2003 میں امریکہ نے عراق پر حملہ کر دیا۔ آٹھ سال بعد بھی عراق کے دارالحکومت بغداد میں جنگ کے آثار نظر آتے ہیں۔