بلدیاتی آرڈیننس کی مخالفت کرنے والے سندھ کے دشمن ہیں۔ فہیم صدیقی ایڈووکیٹ

کراچی (پریس ریلیز) این جی اوز رابطہ کونسل، سٹیزن لیگل ایڈ کمپلین سیل کے صدر اور انسانی حقوق کے رہنما فہیم صدیقی ایڈووکیٹ نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی آرڈیننس کی مخالفت کرنے والے سندھ کے دشمن ہیں، نفرت کی سیاست کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، قوم پرست سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی روکاوٹ ہیں، پی پی پی اور ایم کیوایم سندھ کی سب سے بڑی سیاسی نمائندہ جماعتیں ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی آرڈیننس کراچی کی طرح دیہی سندھ کو بھی ترقی پسند بنادیگا،لیکن پروپیگنڈہ کرنے والے سندھ کی ترقی نہیں چاہتے ہیں۔سندھ کے باشعور عوام 13، ستمبر کی ہڑتال کی کال کو مسترد کردیں گے اور سندھ کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کی حمایت نہ کرکے انہیں ہمیشہ کے لئے خاموش کردیں گے، قوم پرستی کے نام پر لسانیت کو فروغ دیا جارہا ہے۔سندھی اور اردو بولنے والے سندھ کے بیٹے ہیں ان کو ایک سازش کے تحت الگ کیا جارہا ہے، نفرت اور لسانیت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ مسلمان، مسلمان بھائی بھائی ہیں،اسلام میں فرقہ واریت ،لسانیت اور تعصب پرستی پھیلانے والے اسلام کے دائرہ سے خارج ہوجاتے ہیں،بلدیاتی آرڈیننس کی آڑ میں لسانیت اور تعصب پرستی کو ہوادی جارہی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

فہیم صدیقی ایڈووکیٹ نے سیاسی، سماجی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں و کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ حب الوطنی کے جذبے کو ابھارنے ، فرقہ پرستی اورلسانیت کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور پاکستان باالخصوص سندھ کے دشمنوں کو ایسا سبق سکھائیںکہ آئندہ کوئی مسلمانوں اور پاکستانیوں میں پھوٹ ڈالنے کا سوچ بھی نہ سکے۔