بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ، صدر نے فرمان جاری کر دیا

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد(جیوڈیسک)بلوچستان میں 2 ماہ کیلئے گورنر راج کا نفاذ کے لئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرمان جاری کر دیا، گورنر ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہونگے۔

صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کا فرمان جاری کر دیا۔ گورنر ذوالفقار علی مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے۔ کابینہ کو کام سے روک دیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے منظوری کے بعد صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کا فرمان جاری کر دیا ہے اور وزیر اعلی اور تمام صوبائی کی وزرا کو کام سے روک دیا گیا ہے۔

صدر نے گورنر بلوچستان کو تمام حکومتی اختیارات سنبھالنے کی ہدایت کر دی ہے۔ صدارتی فرمان کے مطابق بلوچستان میں ساٹھ دن تک گورنر راج نافذ رہے گا اور اگر پارلیمنٹ چاہے تو اس میں 2,2 ماہ کی توسیع کرسکتی ہے تاہم 6 ماہ سے زائد کسی بھی صورت میں گورنر راج نہیں ہوگا۔ صدارتی فرمان کے مطابق آئندہ 60 دنوں تک گورنر ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے۔

دوسری جانب صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دورے کا فیصلہ کیا۔ دورے کے دوران صدر زرداری بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال ، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ ، لاپتہ افراد، ترقیاتی منصوبوں ، آغاز حقوق بلوچستان اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔