تین بجے تک حکومتی وفد مذکرات کیلئے نہ آیا تو امن کا موقع گنوادے گا: طاہر القادری

Tahir Ul Qadri

Tahir Ul Qadri

اسلام آباد(جیوڈیسک) منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک بار پھر حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ آج معرکے کا آخری دن ہے کل دھرنا نہیں ہوگا۔ صدر وفد کے ساتھ مذاکرات کیلئے آئیں۔

شدید سردی اور بارش میں بھیگتے شرکا سے اپنے بلٹ پروف کنٹینر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وہ حکومت کو زیادہ ظلم کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر وفد کے ساتھ مذاکرات کے لئے نہ آئے تو امن کا موقع گنوادیں گے۔ طاہر القادری نے کہا کہ حکومت کو بہت وقت دیا کہ وہ عوامی مطالبات پر غور کرے اور انھیں تسلیم کرے مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

اب کل دھرنا نہیں ہوگا آج معرکے کا آخری دن ہے۔ منہاج القرآن کے سربراہ نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا حق حاصل کرنے باہر نکل آئیں ۔ طاہر القادری نے ایک بار پھر وزیر داخلہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رحمان ملک دہشت گرد ہیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ حکمران دستور کو مانتے ہیں نہ قانون کو اصلاحات کے بغیر الیکشن ہوئے تو پھر لوٹنے والے آ جائیں گے۔ انہوں نے شدید سردی میں بیٹھے ہوئے لانگ مارچ کے شرکا کے عزم کو سلام پیش کیا۔