جبریل سیسے

Djibril Cissé

Djibril Cissé

فرانس کے بین الاقوامی فٹ بال کھلاڑی
آئیوری نسل کے فرانس کے بین الاقوامی فٹ بال کھلاڑی ہیں جو فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کے علاوہ پریمیر لیگ میں سنڈرلینڈ کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں۔ وہ اپنی تیز رفتاری و سرعت کے باعث معروف ہیں اور اپنے منفرد بالوں کے انداز کے باعث بھی۔

کلب کیریئر
سیسے نے 1993 میں 11 سال کی عمر میں نیمس اولمپک کی جانب سے اپنے کھیل کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ آکسیرمیں شامل ہو گئے اور 1998 میں اس کی نوجوان ٹیم سے اول درجے کی ٹیم کا حصہ بنے۔ 6 سیزن آکسیر میں کھیلنے کے بعد وہ 2004 میں انگلستان کے معروف فٹ بال کلب لیورپول میں شامل ہوئے جہاں انہوں نے 49 مرتبہ ٹیم کی نمائندگی کی اور 11 مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا۔

بعد ازاں وہ بطور ”قرض” مارسے (Marseille) پہنچے جہاں 21 مرتبہ کھیلتے ہوئے 8 گول اپنے نام کیے۔ بعد ازاں وہ مستقلا یہیں منتقل ہو گئے۔ آپنے گھر آرلیس کے قریب ہونے کے باعث اب تک وہ مارسے سے ہی کھیلتے تھے لیکن 2008 میں انہیں بطور قرض سنڈرلینڈ بھیج دیا گیا۔

بین الاقوامی کیریئر
سیسے نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 18 مئی 2002 کو 21 سال کی عمر میں بیلجیم کے خلاف کیا۔ 2002 کے عالمی کپ کے لیے 23 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران انہیں سینیگال، یوروگوئے اور ڈنمارک کے خلاف تینوں مقابلوں میں شامل کیا گیا۔ لیکن بدقسمتی سے فرانس عالمی کپ کے ابتدائی مرحلے ہی میں باہر ہو گیا۔

انہوں نے فرانس کی قومی ٹیم کی جانب سے 7 ستمبر 2002 کو قبرص کے خلاف پہلا گول داغا ، یہ میچ یورو 2004 کے سلسلے کا حصہ تھا۔ سیسے فیفا کن فیڈریشنز کپ 2003 کی فاتح فرانسیسی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کا واحد گول 18 جون 2003 کو کولمبیا کے خلاف پنالٹی اسپاٹ پر داغا۔

یورو 2004 میں پابندی کا سامنا کرنے کے باعث ان کا اگلا ہدف عالمی کپ 2006 میں شمولیت تھا جس کے لیے انہیں فرانسیسی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ لیکن 7 جون 2006 کو چین کے خلاف آخری وارم اپ میچ میں وہ حریف کھلاڑی کے ہاتھوں اپنی ٹانگ تڑوا بیٹھے اور یوں زخمی ہو کر عالمی کپ میں شرکت سے محروم ہو گئے۔

یورو 2008 کے لیے کوالیفائنگ مرحلے میں سیسے نے تین مرتبہ فرانس کی نمائندگی کی لیکن حتمی ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں جگہ نہ پا سکے۔