جماعت اسلامی کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے:ڈاکٹر سید وسیم اختر

لاہور: ملک میں لوٹ کھسوٹ اور پیسے کی سیاست کا ہمیشہ کے لئے قلع قمع ہونا چا ہئے ۔تمام سیاستدان اپنے اثاثے منظر عام پر لائیں۔مہران بنک سکینڈل ملکی سیاست میں نیا پنڈورہ بکس ہے عوام کا پیسہ لینے اور دینے والے18کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔الحمد اللہ جماعت اسلامی کا دامن ہر قسم کی کرپشن پاک ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کو16نئی عمارتیں بنانے کے لئے17لاکھ مربع فٹ اراضی کا الاٹ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔حکمران امریکی غلامی میں مکمل طور پر اندھے ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں افراد کا لاپتا ہونا اور مسخ شدہ لاشوں کا ملنا المیے سے کم نہیں۔ مہنگائی اور کرپشن بیورو کریسی اورحکمرانوں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے ۔عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں غربت کی زندگی گزارنے والوں کی تعداد 9کروڑ تک جاپہنچی ہے جوکہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کار کردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کرکے قوم کو غلط پیغام دے رہے ہیں۔وفاقی وصوبائی حکومتیں قانون شکن افراد کو تحفظ فراہم کررہی ہیں۔اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا اسی میں ملک کی بقائ،ترقی،خوشحالی اور استحکام ہے۔سیاسی مداخلت کی وجہ سے منافع بخش ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز بجلی و گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے نے جہاں دوسرے لوگوں متاثر کیا ہے وہاں غریب کسانوں کی کمر بھی توڑ کررکھ دی ہے۔حکمرانوں کی جانب سے کاشتکاروں کے مسائل کو مسلسل نظراندازکرنا قابل مذمت ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کپاس فی من6ہزار روپے اور گنے کی قیمت250روپے فی من مقرر کی جائے۔کاشتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ۔اس موقع پر عارف حسین عاصم اور عبدالجلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔