جمعیت کے کنونشن سے معروف معیشت دان پروفیسر خورشید احمد ، سوڈان کے سفیر الشافع محمد احمد ، سید سمیع اللہ حسینی اور دیگر کا خطاب

اسلام آباد (19-12-2012)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام رائزنگ پاکستان کمپیٹیشن و طلبہ کنونشن جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔کمپیٹیشن میں پاکستان بھر کی یونیورسٹیز کے طلبہ کے درمیان مضمون نویسی ،پالیسی پیپر،پراجیکٹ ڈیزائننگ،فلم میکنگ،سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ،ڈاکو مینٹری اورنظموںکے مقابلہ جات منعقد ہوے۔مقابلہ جات کا انعقاد بھی جناح کنونشن سینٹر میں ہوا۔ مقابلے کے اختتام پر کامیاب طلبہ و طالبات میں 10ہزار سے 70ہزار تک کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

کنونشن کی صدارت پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کی جبکہ معروف معیشت دان پروفیسر خورشید احمد ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، سوڈانی سفیرالشافع محمد احمد ،ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر صفدر و دیگر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر کنونشن میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے صدارتی خطاب کرتے ہوے کہا ہے کہ طلبہ اور نوجوان اس قوم کا مستقبل ہیں ۔ملک میں تبدیلی صرف طلبہ اور نوجوان ہی لا سکتے ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ کے پاس ایسی قوت موجود ہے جو تبدیلی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔جمعیت کے بہت سے پروگرامات میں شریک ہوا۔میں نے بھی جمعیت سے ہی تربیت پائی ہے۔جمعیت کے پرواگرامات میں خصوصی طور پر اس لیے شریک ہوتا ہوں کہ جمعیت سے تعلق رکھنے والے نوجوان قوم کے لیے درد رکھتے ہیں اور ملک و ملت کے کچھ کرنے کی لگن ہی تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔

پشاور میں بھی جمعیت کے زیر اہتمام طلبہ میلے میں شریک ہوا اور آج یہاں بھی صرف اسی لیے شریک ہوا کہ آپ ہی اس قوم کا مستقبل ہیں۔طلبہ کو بتائیں کہ اس ملک میں تبدیلی کیسے آسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے کہا ہے کہ میں اور آپ مل کر اس ملک میں اچھے لوگوں کو انتخابات میںامیدوار کی صورت میں لوگوں کے سامنے لائیں اور اس ملک کو حقیقی تبدیلی کی طرف لے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اکثر خواہش ہوتی ہے کہ میں ایٹمی سائنسدان کے بجائے اس ملک کے نوجوانوں کا استاد ہوتا اور ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتا۔

پاکستان میں اچھے ذہنوں کی کمی نہیں کمی ہے تو اچھے ماحول کی ہے اگر اس ملک کے نوجوانوں کو اچھا ماحول فراہم کیا جائے تو نوجوان پوری دنیا میں اس ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔آج سے ساٹھ سال پہلے اسلامی جمعیت طلبہ سے متعارف ہوا ۔اللہ آپ لوگوں کو اس ملک میں ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان آئین پاکستان کے راہنماء اصولوں کے مطابق اس ملک کو یکساں نظام تعلیم دے گی۔ایسا نظام تعلیم دیں گے جس میں نہ تو احساس تکبر ہو اور نہ ہی احساس محرومی اور طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں گے۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اردو کو ذریعہ تعلیم بنائے گی ملک میں انگلش بولنے کا رواج ہے لیکن گریجویشن کی ڈگریاں بھی جعلی نکلتی ہیں۔

اس ملک کے طلبہ کو یونین ساز کا حق دیا جائے گا۔اسلامی جمعیت طلبہ کی تربیت اس ملک کو ایک ویژن ،باکمال اور باکردار نئی نسل دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک ہلاکت خیز بیماری ہے اس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے قطرے پلانے والے رضاکاروں کو ٹارگٹ کرکے پاکستان کے چہرے کو مسخ کیا گیا ہے۔ملک کو زبردستی سیکولر بنانے کے لیے مسجد و خانقاہ اور مسالک میں شدت پیدا کر کے ملک کو اصل مقصد سے دور کیا جا رہا ہے۔ جب تک اسلامی جمعیت طلبہ ہے مجھے یقین ہے کہ پاکستان بھی اور نظریہ پاکستان بھی سلامت رہے گا۔اس موقع پرمعروف معیشت دان و سکالر پروفیسر خورشید احمد خان نے کہا کہ ملک اس وقت ہر حوالے سے مشکل میں ہے ۔ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے سنجیدگی کی ضرورت ہے۔نئے سرے سے اپنی پالیسیاں بنانا ہوں گے۔تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ کر اس ملک ترقی ممکن ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ اول روز سے ملک و ملت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔نوجوانوں کو متحرک کر کے کردار اد کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدرنے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ معاشی،سیاسی،مذہبی و لسانی تفریق کی نفی کرتی ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ نے پچھلے ستر دنوں میں پندرہ ہزار ٹیلنٹڈ سٹوڈنٹس کو ایوارڈ دیے ہیںاورجمعیت نے ملک میں طلبہ تنظیم کی حیثیت سے نئی تاریخ رقم کی ہے یہی ہماری سیاست ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔ سوڈان کے سفیر الشافع محمد احمدنے خطاب کرتے ہوے اسلامی جمعیت طلبہ کے ملکی اور بین الاقوامی کردار کو سراہا۔جمعیت کی تعلیمی خدمات لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پرسیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید سمیع اللہ حسینی، معروف علمی ،ادبی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔

 

Convention Islamabad

Convention Islamabad