جمہوری معاشرے میں قانون کی حکمرانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔حافظ عبدالاعلیٰ درانی

کیتھلے: مولانا حافظ عبدالاعلیٰ درانی نے رینٹل راجہ موجودہ وزیر اعظم کے بارے سپریم کورٹ کے حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں قانون کی حکمرانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کی بطور وزیر اعظم تقرری اسلامی جمہوری پاکستان کے اس منصب عظیم کی توہین و تذلیل کے مترادف تھی۔ انہوں نے کہا جب تک اس قسم کے لوگ الزامات سے بری نہیں کیے جاتے اس وقت تک اتنا عظیم منصب ان نااہل اور بددیانت لوگوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ مگر یہاں صدر ہی گاڈ فادر کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔مولانا عبدالاعلےٰ نے کہا قومی اسمبلی کو یہ قانون فوری طور پر پاس کرنا چاہیئے کہ کسی عہدے کو بھی عدالتی استثناء حاصل نہیں ہوسکتا تاکہ کرپشن کا کاروبار کنٹرول کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا لمبے عرصہ بعد ایک خوشگوار خبرسننے کو ملی۔چیف جسٹس کو اپنی حیثیت کا بھرپور اظہار کرنا چاہیئے کیونکہ قوموں کی زندگانی عدلیہ کی حکمرانی ہی سے عبارت ہے۔ انہوں نے پی پی پی کے بعض لوگوں کے احتجاجی مظاہروں کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کسی بھی مہذب معاشرہ میں عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف عوامی احتجاج نہیں ہوتا۔