جنوری میں مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ7 فیصداضافہ ریکارڈ

Inflation

Inflation

جنوری کے دوران ملک میں پٹرول، گیس اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ چھ سات فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک مہنگائی کی اوسط شرح آٹھ اعشاریہ دو آٹھ فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اشیائے خوردنی میں سب سے زیادہ قیمتوں میں اضافہ ٹماٹروں کی قیمت میں اکسٹھ فیصد ہوا جبکہ گندم کی قیمت میں گیارہ اعشاریہ تین دو،آٹے کی قیمت میں نو اعشاریہ چھ نو اور چاول کی قیمت میں تین اعشاریہ تین آٹھ فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب آلو، پیاز، تازہ سبزیوں، مصالحہ جات اور خوردنی تیل اور گھی کی قیمت میں چودہ سے ایک فیصد تک کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق موٹر فیول کی قیمت میں سات فیصد،گیس کی قیمتوں میں چھ فیصد اور ہائوس رینٹ دو فیصد بڑھا۔ رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ چنے کی دال میں چھیالیس فیصد،بیسن کی قیمت میں تینتالیس فیصد،درسی کتب کی قیمتوں میں چالیس فیصد،شہد کی قیمت میں اکیس فیصد اور موٹر وہیکل ٹیکس میں چھبیس فیصد اضافہ ہوا۔