حقانی نیٹ ورک کو دہشتگرد قرار دینے کیلئے کانگریس میں بل

us congress

us congress

امریکا : (جیو ڈیسک) امریکی کانگریس میں حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے متعارف کرائے جانے والے بل پر اوباما انتظامیہ کی جانب سے غور جاری ہے۔ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ڈیموکریٹس اور ریپبلکن حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دینے پر متفق ہیں اور اسے امریکی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتی ہیں۔

کانگریس کے رکن مائیک روجرس کی جانب سے پیش کیے گئے قانونی بل میں کہا گیا ہے کہ حقانی گروپ افغانستان میں سیکڑوں امریکی فوجیوں کے قتل کے علاوہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے بے شمار افغان عوام کے قتل کا ذمے دار ہے۔

مذکورہ قانونی بل کو کانگریس کے ارکان بک میکوئن اور راس لیہٹینن کی تائید بھی حاصل ہے۔ مذکورہ بل کا امریکی انتظامیہ بغور جائزہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ کانگریس اس سلسلے میں جلد قانون سازی کرے گی۔ امریکی وزیر دفاع پہلے ہی حقانی نیٹ ورک کو افغانستان میں امریکی فوجیوں پر لگاتار حملوں کی ذمے داری عائد کرچکے ہیں۔