حکومتی اعلانات کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے

گجرات : حکومتی اعلانات کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، ضلع بھر میں بجلی کی طویل بندش سے نہ صرف کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ، بلکہ سرکاری دفاتر اور سرکاری اداروں ، ہسپتالوں ، فیکٹریوں ، صنعتوں میں بھی کام نہ ہونے کے برابر ہے ، یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر پاکستان کے اعلان کے بعد ڈی جی پپکو اور وفاقی وزیر پانی و بجلی نے غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا ، اور کہا تھا کہ اعلانیہ طور پر لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ، جس کا شیڈول جاری کیا جائیگا ، جس پر اب تک عملدرآمد نہیں کیا جا سکا ، ذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے جہاں گزشتہ ایک سال میں 110فیصد بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اس کے علاوہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 100ارب روپے سے زائد عوام سے اکٹھے بھی کئے ہیں ، اس کے باوجود وزارت پانی و بجلی ، PSO، سوئی گیس اور دیگر اداروں کو بقایات فراہم نہیں کر سکی ، جس کی وجہ سے بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ، جبکہ وفاقی حکومت کا رواں مالی سال کے علاوہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر صارفین سے مزید رقم بٹورنے کا پلان ہے۔