حکومت نے سوئس حکام کو خط لکھنے کا مسودہ تیار کرلیا: کائرہ

qamar zaman kaira

qamar zaman kaira

حکومت نے سوئس حکام کو خط لکھنے کا مسودہ تیار کرلیا، کل وزیر قانون عدالت میں پیش کریں گے، قمر زمان کائرہ کہتے ہیں حکومتی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ذرائع کے مطابق ڈرافٹ کے متن کو حتمی شکل سابق چئیرمین سینٹ اور معروف قانون دان وسیم سجاد کے چیمبر میں شام چھ بجے دی گئی، خط دو صفحوں پر مشتمل ہے. خط کی نقل وزیر اعظم اور وزیر قانون کو بھجوا دی گئی ہے۔ ایک نقل صدر آصف زرداری کو نیویارک میں بھیجی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں سوئس حکام کو ملک قیوم کا خط واپس لینے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خط میں صدر کے بین الاقوامی استثنی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خط کے معاملے پر حکومت نے یوٹرن بھی نہیں لیا اور اس معاملے پر حکومتی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے حکم کے تحت درمیانی راستے کے خط کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ خط کے ڈرافٹ میں وفاق کے تحفظات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ ڈرافٹ میں عدالتی تحفظات پر مزید ترمیم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل وزیر قانون حکومتی خط کا ڈرافٹ عدالت میں پیش کر دیں گے، قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ درمیانی راستے کی تجویز حکومت نہیں عدالت نے دی ہے۔