دریائے برالدومیں بننے والی جھیل کی سطح آب140 فٹ سے زائد بلند

River Water

River Water

اسکردو(جیوڈیسک)اسکردو میں دریائے برالدو میں نئی جھیل بن جانے کے بعد پانی کی سطح 140 فٹ سے زائد بلند ہوچکی ہے۔ جبکہ مصنوعی جھیل کے ایک حصے سے پانی باہر نکلنا شروع ہوگیا ہے،، ممکنہ خطرات سے بچاو کے لئے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر سمیت محکمہ تعمیرات کے انجینیر اور ماہرین کی ٹیم علاقے میں میں پہنچ گئی ہے۔

اسکردو کے سب ڈویڑن شگر کے نواحی علاقے ہوتو کے مقام پردریائے برالدو میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ساڑھے تین سو فٹ بلند اور 800 فٹ چوڑا مٹی کا تودہ گرا تھا۔ جس کے باعث بننے والی مصنوعی جھیل میں اب تک پانی کی سطح 140 فٹ سے زائد بلند ہوچکی ہے۔ مصنوعی جھیل کے ایک حصے سے پانی باہر نکلنا شروع ہوگیا، جس سے جھیل کے پانی کی سطح مزید بڑھنے سے رک گئی۔

ممکنہ خطرات سے بچاو کے لئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت محکمہ تعمیرات کے انجینیر اور ماہرین کی ٹیم متاثرہ مقام پر پہنچ گئی ہے۔ مصنوعی جھیل کے نشیبی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم نصب کیا جائے گا جس کے تحت خطرے کی صورت میں عوام کو محفوظ مقام پر فوری منتقلی کے لئے بروقت اطلاع دی جاسکے گی۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ پہاڑوں میں دھماکوں کی آواز سے گاوں ہوتو کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہوتو کے مقام پر مصنوعی جھیل کا پانی پیچھے کی جانب چار کلو میٹر تک پھیل جانے کے باعث دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کیلئے جانے والی سڑک بھی بند ہے۔