دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق، 44 زخمی

Fog In Lahore

Fog In Lahore

لاہور(جیوڈیسک) سردی کی شدت میں اضافے اور شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں7 افراد جاں بحق جبکہ 44 زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ میں دھند کے باعث کار قراقرم ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔

شیخوپورہ کے علاقہ صفدر آباد کے قریب دھند کے باعث کار قراقرم ایکسپریس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ اوکاڑہ میں ٹول پلازہ کے قریب ٹرالر اور کار میں ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ5 زخمی ہوگئے۔

قصورمیں حادثے کے باعث 6 مسافر زخمی ہوئے۔ جھنگ میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ بھوانہ میں چنیوٹ روڈ پر طالبعلموں سے بھری وین اور گنے کی ٹرالی میں ٹکر سے 5 طالبعلم زخمی ہوگئے۔

سیالکوٹ میں دو مسافر زخمی جبکہ گوجرانوالہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ سندر میں مانگا بائی پاس پر دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے باعث دو سکول ٹیچر جاں بحق جبکہ 6 مسافر زخمی ہو گئے۔