راولپنڈی: بھوجا ائر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ

Plane Crash

Plane Crash

راولپنڈی : (جیو ڈیسک) چکلالہ ایئر پورٹ کے قریب بھوجا ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں عملے کے 9 ارکان اور 118مسافر سوار تھے۔ طیارہ کراچی سے اسلام آباد جا رہا تھا کہ راولپنڈی کے قریب حسین عباس گاؤں کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق طیارہ خراب موسم کے باعث گرا، پائلٹ کا کنٹرول ٹاور سے چھ بجکر چالیس منٹ پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ کنٹرول ٹاور نے طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دے دی تھی لیکن جہاز ائر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ بوئنگ 737 تھا طیارے کا فلائٹ نمبر نمبر بی فور 213 تھا اور یہ 27 سال چار ماہ پرانا جہاز تھا۔ طیارہ کراچی سے شام پانچ بجے روانہ ہوا۔ دوبارہ پروازیں شروع کرنے کی اجازت حال کرنے کے بعد بھوجا ایئر لائن کی یہ پہلی پرواز تھی۔ اس پرواز کو صبح روانہ ہونا تھا لیکن یہ شام پانچ بجے آپریٹ کی گئی۔

سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے اور ملبے میں زخمیوں کو ڈھونڈا جا رہا ہے۔ اسلام آباد اور راولپندی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ طیارہ کو کیپٹن نور اللہ آفریدی اور معاون پائلٹ مشتاق اڑارے تھے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر معلومات کے کاوئنٹر قائم کر دیے ہیں۔ بھوجا ایئر لائن کے ترجمان جاوید اسحاق نے بتایا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو بھوجا کی خصوصی ایئر لائن سے ہفتہ کی صبح اسلام آباد بھیجا جائے گا۔