راولپنڈی: نجی ائیر لائن کا طیارہ گرکر تباہ ، عملے کے 9 ارکان سمیت 127 جاں بحق

bhoja air line accident

bhoja air line accident

راولپنڈی (جیو ڈیسک) راولپنڈی میں چکلالہ کے علاقے بحریہ ٹائون کے قریب نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا ہے، حادثے میں تقریبا تمام 127 افراد جاں بحق ہوگئے، تاحال کسی کے زندہ بچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، وزارت دفاع نے حادثے میں 118 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے.

عینی شاہد نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقے کورال کے گائوں حسین آباد کے قریب طیارہ شام 6سے ساڑھے 6 بجے کے قریب گرا اور طیارے کے ٹکڑے نصف کلو میٹر تک پھیلے ہوئے ہیں، طیارے کا ملبہ کئی مکانوں پر گرا ہے، حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے خود امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور لاشوں و انسانی اعضا کو ایک جگہ جمع کرنا شروع کردیا ۔

حادثے کے بعد علاقے میں بجلی بھی چلی گئی جس کے باعث امدادی کاموں میں مشکل پیش آرہی ہے. سول ایوی ایشن ذرائع اور وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا مسافر طیارہ بھوجا ایئر لائن کا ہے جس میں 118 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے، مسافروں میں 6 شیر خوار بچے بھی شامل ہیں.

صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے. ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور علاقے میں ملبہ و انسانی اعضا اور لاشیں دور دور تک بکھری ہوئی ہیں، شدید بارش کے باعث امدادی کاموں میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے.

باخبر ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 5 کلو میٹر دور رہائشی علاقے میں گرا، حادثے کے مقام پر اب بھی کئی جگہ آگ لگی ہوئی ہے اور طیارے کا ملبہ دور دور تک بکھرا ہوا ہے، امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہیں ، پاک فوج کے جوان بھی جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئے ہیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے.

ذرائع کے مطابق کراچی سے پرواز کے وقت بتادیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں موسم خراب ہے جس کے باوجود طیارہ اسلام آباد کیلئے روانہ کردیا گیا، اس وقت بھی وفاقی دارالحکومت میں موسم شدید خراب ہے ۔

بھوجا ایئر لائن کے طیارے کے پائلٹ نور اللہ آفریدی جبکہ کو پائلٹ مشتاق تھے، پائلٹ نے خراب موسم کے باوجود طیارہ لینڈ کرانے کی کوشش کی. ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز بی فور. 213 شام 5 بجے کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی تھی تاہم ٹریفک کنٹرول سے 6 بج کر 40 منٹ سے طیارے کا کوئی رابطہ نہیں تھا.

ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور سے طیارے کو لینڈنگ کیلئے کلیئر کردیا گیا تھاتاہم موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا. بھوجا ایئر لائن کے اسٹیشن ماسٹر اسلام آباد کاکہنا ہے کہ بی فور 213 کی آج شام پہلی پرواز تھی ، کمپنی نے آج سے نئی پروازوں کا آغاز کیا.