سیاچن سے یکطرفہ طور پر فوجیں نہیں بلا سکتے۔ صدر زرداری

Zardari

Zardari

اوکاڑہ: (جیو ڈیسک) صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سیاچن سے یکطرفہ طور پر فوجیں وآپس نہیں بلا سکتے، اگر ہمیں وہاں نقصان ہو رہا ہے تو بھارت کو ہم سے بھی زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ دیپالپور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ کارکنان تیاری کریں، پنجاب میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ پنجاب حکومت خود دی ہے، وآپس ضرور لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں کہ چھوٹے میاں کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، چھوٹے میاں اپنے پاس سترہ وزارتیں رکھے ہوئے ہیں، کوئی ایک شخص سترہ وزارتیں کیسے چلا سکتا ہے، چھوٹے میاں صاحب کی سوچ شہزاد سلیم سے ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب سترہ وزارتیں نہیں دینا چاہتے، ہم نے تمام اختیارات صوبوں کو دے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت سی قربانیاں دیں لیکن کبھی بدلے کی سیاست نہیں کی، میاں صاحب کی دعوت پر نہ جائیں تو وہ تین سو دو کا پرچہ کرا دیتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ بڑے میاں صاحب پتہ نہیں کون سے اختیارات مانگ رہے ہیں۔ ہر صوبے کو پانچ سو ملین روپے دیئے مگر پنجاب میں نظر نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی علاقائی نہیں بین الاقوامی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی سے مقابلہ آسان نہیں۔ ہماری سیاست گڑھی خدا بخش سے شروع ہوتی ہے اور وہیں ختم بھی ہو گی۔ صدر زرداری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ میرے ملنے کے بعد تجارت شروع ہوئی ہے۔ جب حکومت ملی تو مسائل کا انبار لگا ہوا تھا، آج ہم چینی برآمد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر زرداری نے بھارت سے تجارت کے لئے ہیڈ سلیمانکی بارڈر کھولنے کا عندیہ دے دیا۔ سیاچن محاذ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاچن سے یکطرفہ طور پر فوجیں واپس نہیں بلا سکتے، اگر ہمیں وہاں نقصان ہو رہا ہے تو بھارت کو ہم سے بھی زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اس موقع صدر آصف علی زرداری نے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے فوجی جوانوں کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی۔