رحمان ملک کی الطاف حسین سے ملاقات، صدر کا اہم پیغام پہنچایا

 

Rehman Malik & Altaf Hussain

Rehman Malik & Altaf Hussain

لندن  سینئر وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ملاقات کی اور انہیں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کودرپیش خطرات، دیگر داخلی و خارجی قومی مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

 لندن سے جاری بیان کے مطابق سینئر وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ملاقات کی، ملاقات میں اس بات کااعادہ کیاگیاکہ ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی ملک کی سلامتی، امن و استحکام، جمہوریت کی بقا اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے مزید فعالیت کے ساتھ ملکر کام کریں گی۔ رحمان ملک نے پاکستان میں جمہوریت کی بقا کیلئے الطاف حسین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملک میں منتخب جمہوری حکومت اپنے 5 سال پورے کرنے جارہی ہے جس میں ایم کیوایم کا تعاون اور الطاف حسین کا رول نہایت اہم ہے۔ سینئر مشیر داخلہ نے ملک میں سیاسی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن و استحکام اور افہام و تفہیم کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے تمام سیا سی و مذہبی جماعتوں سے رابطوں، ملاقاتوں اور بات چیت کے سلسلے کوملک کیلئے نہایت خوش آئند قرار دیا اور اس پر صدر آصف علی زرداری کی جانب سے الطاف حسین کو مبارکباد پیش کی۔ الطا ف حسین نے وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک سے کہاکہ ملک میں داخلی استحکام کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی پرقابوپانے اور قیام امن کیلئے حکومت کو مزید موثر اقدامات کرنے ہونگے۔ الطاف حسین نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل خصوصا رمضان المبارک میں گراں فروشی اوربجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کیلئے حکومت کی جانب سے موثر اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی مشیر داخلہ نے الطاف حسین کویقین دلایاکہ حکومت گراں فروشی پر قابو پانے کی بھرپورکوشش کررہی ہے جبکہ بجلی کا بحران انشا اللہ چند ہفتوں میں حل ہوجائیگا۔ الطاف حسین نے رحمان ملک کو دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دہشت گردی پر قابو پانے اور قیام امن کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔