رینٹل پاور کیس کی سماعت آج پھر ہو گی

Supreme Court

Supreme Court

سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی مگر ابھی تک وزیراعظم اور رینٹل پاور کیس کے دیگر ملزموں کے خلاف نہ تو ریفرنس منظور ہوا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں لائی جا سکی۔ کیس کی سماعت آج دوبارہ ہوگی۔

سپریم کورٹ نے رینٹل پاور عملدرآمد کیس میں گزشتہ روز نیب حکام کو چوبیس گھنٹے میں ملزموں کے خلاف ریفرنس دائر کر کے چالان پیش کرنے اور ان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہونا تھا جو تاحال نہیں ہو سکا جس کے باعث عدالت عظمی کے فیصلے پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق رینٹل پاور کیس سے متعلق نیب کے پراسیکیوٹر اور دیگر افسروں کی چیئرمین سے غیر رسمی مشاورت جاری رہی لیکن کسی با ضابطہ اجلاس میں ریفرنس کی منظوری نہ دی جا سکی۔

سپریم کورٹ نے آج نیب سے اس کیس میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کی ہے۔ چیئرمین نیب خود عدالت میں پیش ہوں گے اور ریفرنس منظور نہ ہونے کی وجوہات سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔