سندھ اسمبلی: امن و امان پر تحریک التوا بحث کے لیے منظور

Sindh Assembly

Sindh Assembly

پاکستان : (جیو ڈیسک) سندھ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تحریک التوا بحث کے لیے منظور کر لی گئی ہے جس پر سندھ اسمبلی کے ایوان میں بحث جمعرات کو ہو گی۔

اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن ماروی راشدی نے کراچی میں نشانہ وار قتل کے واقعات پر تحریک التوا جمع کرائی تھی جو پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کی مخالفت کے باعث صوبے کی مجموعی امن وامان کی صورتحال میں تبدیل کی گئی ان ارکان کا کہنا تھا کہ تحریک التوا میں ترمیم کرکے ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ بھتہ خوری اغوا برائے تاوان بدامنی کی دیگر و جوہات کو بھی زیربحث لایا جائے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کے خلا ف تحریک التوا میں سے قومیتوں کے نام خارج کیے جائیں امن وامان کے حوالے سے کراچی سمیت پورے سندھ کا معاملہ زیر بحث لایا جائے گینگ وار کے ذریعہ بھتہ خوری ہو رہی ہے، اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ملک دشمن عناصرکے ہاتھوں میں کھیلنے کی بجائے بد امنی کے اصل عوامل تلاش کیے جائیں صوبائی وزیر سسئی پلیجو کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ صرف کراچی میں ہے، صوبے کے دیگرعلاقوں میں قتل کی وجوہات دوسری ہیں۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر پر مظہر الحق نے کہا کہ پولٹیکل اسکورنگ کے لیے ٹارگٹ کلنگ کا ایشو اٹھایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے ارکان حکومت میں بھی بیٹھتے ہیں اورتنقید کرکے سیاسی مقاصد بھی حاصل کیے جاتے ہیں ہرشخص کو قائد حزب اختلاف بننے کا شوق ہے۔ اسپیکرقائد حزب اختلاف نامزد کردیں تو مسئلہ حل ہوجائے گا۔ امن وامان کے معاملے پر عمومی بحث کرائی جائے ۔ سندھ کے تمام شہروں کی امن وامان کی صورتحال پر بات ہونی چاہئے صوبائی وزیرقانون ایازسومرو کی تحریک التوا میں ترمیم کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔