سندھ فیسٹیول کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے: محمد زبیر حفیظ

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ سندھ فیسٹیول کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا یا جا رہا ہے۔ اربوں روپے اشتہارات اور اقربا پروری پر ضائع کر دئیے گئے جبکہ دوسری جانب تھرپارکر میں معصوم کلیاں فاقوں سے بلک بلک کر مر گئیں ، حکومت کی نا اہلی کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑھ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں یونیورسٹی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور تعلیمی ادارے صوبے میں زبوں حالی کا شکار ہیں جبکہ حکمران جماعت اپنی بقاء کی جنگ لڑنے میں مصروف ہے ۔ ذاتی تشہیر کے لئے اربوں روپے لگا دئے گئے ہیں ، سندھ ثقافت کے نام پر فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا گیا۔

قحط اور بچوں کی ہلاکت حکومتی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہے، وزیر خوراک کا میڈیا کو دیا گیا بیان شرمناک ہے انہیں سندھ کی عوام سے معافی مانگنی چاہئے اور فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔ اسلامی جمعیت طلبہ سندھ تھرپارکر میں امدادی سرگرمیوں کے لیے اپنے محدود وسائل کے اندر حصہ لے گی۔ اس حوالے سے ناظم سندھ اور دیگر افراد کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔