سونامی: جاپانی فٹبال الاسکا سے مل گئی

tsunami ball

tsunami ball

جاپان : (جیو ڈیسک) گزشتہ برس جاپان میں سونامی نے صرف عمارتوں کو ہی تباہ نہیں کیا تھا اپنے ساتھ ایسی چیزیں بھی بہا کر لے گئی تھی جو قیمتی نہ سہی لیکن لوگوں کے لیے بہت عزیز تھیں۔ سولہ سال کے نوجوان میساکا موراکامی نے 2011کی سونامی میں اپنی جو فٹبال کھو دی تھی وہی فٹبال بہتے ہوئے ایک سال بعد الاسکا کے مڈلٹن جزیرے پر ایک شخص کو ملی ہے۔

ڈیوڈ بیکسٹر کو ملنے والی اس فٹبال پر میساکا موراکامی کا نام لکھا ہوا تھا۔موراکا نے جاپانی میڈیا سے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ فٹبال انہیں کا ہے اور انہیں اپنی فٹبال واپس حاصل کرکے بہت خوشی ہوگی۔ خبررساں ادارے کیودو کے مطابق جاپان میں جس روز سونامی آئی تھی اس دن موراکامی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن وہ زلزلے کے فوراً بعد اونچے مقام پر چلے گئے تھے لیکن ان کا گھر سونامی میں بہہ گیا تھا۔

میساکا موراکامی کو یہ فٹبال ان کے دوستوں نے 2005 میں بطور تحفہ دی تھی امریکی ادارے این او اے اے کے مطابق ڈیوڈ بیکسٹر کی بیگم جاپانی ہیں اور انہوں نے فٹبال پر سکول کے نام اور اس پر لکھے پیغام کو پڑھا ہے۔ بیکسٹر اور ان کی اہلیہ یہ فٹبال موراکامی کو واپس بھیجنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس سے قبل سونامی میں بہہ جانے والی ایک کشتی بھی برآمد ہوئی تھی۔