سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس

NA

NA

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکا اجلاس سنیٹر حاجی عدیل کی سربراہی میں ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے ارکان کو وزیر امورکشمیر اور سیکرٹری امورکشمیر نے بریفنگ دی۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس کے دوران فرحت اللہ بابر نے تجویز دی ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو خودمختاری دینے کے لیے آئین میں ترمیم کی بحث کا آغاز ہونا چاہیے۔ کمیٹی اراکین اور وزیر برائے امور کشمیر میاں منظور وٹو نے اس تجویز کی مخالفت کردی۔ اس حوالے سے سینیٹر حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے سے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقبوضہ کشمیر پر موقف کمزور ہوگا۔

کمیٹی اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے قائم مقام سیکریٹری کا کہنا تھا کہ 1985 سے اس علاقے میں فرقہ وارانہ فسادات کا آغاز ہوا۔ تاہم اس برس ہونے والے فسادات پر حکومت گلگت بلتستان نے سخت اقدامات کر کے قابو پایا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیعہ اور سنی علما کے درمیان معاہدہ بھی طے پایا گیا ہے جس کے تحت دونوں فرقوں کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے خلاف اکسانے کے لیے اشتعال انگیز تقاریر نہیں کی جائیں گی۔