سی این جی بحران نے سنگین صورت اختیار کر لی

CNG Stations

CNG Stations

کراچی(جیوڈیسک)کراچی سمیت ملک بھر میں سی این جی بحران نے سنگین صورتحال اختیار کر لی۔ سوئی ناردرن گیس نے گیس فیلیڈ میں فنی خرابی کے باعث پنجاب کے سی این جی سیکٹر کو غیر معینہ مدت کے لئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں عالم زئی گیس فیلیڈ میں فنی خرابی کے باعث فیصل آباد سمیت پنجاب کے سی این جی سیکٹر کو ہفتے میں چھ دن گیس بندش کے بعد اب غیر معینہ مدت کے لئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق زون ون میں شامل چھ ریجنز لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات جبکہ زون ٹو میں شامل پانچ ریجنز فیصل آباد، سرگودھا، اسلام آباد، راولپنڈی اور بہاول پور کے سی این جی اسٹیشنز کو آج بھی گیس کی فراہمی بحال نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عالم زئی گیس فیلڈ میں فننی خرابی ایک روز بعد بھی دور نہ ہوسکی سوئی نادرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ فنی خرابی دور ہوگئی تو لاہور زون کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم کردی جائے گی۔

کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت سی این جی اسٹیشنز جمعہ کی صبح آٹھ بجے تک بند ہیں۔

سی این جی کی عدم فراہمی کے خلاف رکشہ ڈرائیوروں نے دوبارہ احتجاج شروع کردیا اور ستیانہ روڈ پر دھرنا دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی تاہم مظاہرین مذاکرات کے بعد منتشر ہو گئے۔ ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سی این جی اسٹیشنز پنتالیس دن بعد کھل گئے جہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔