کراچی اسٹاک مارکیٹ کو نئے امتحانات کا سامنا

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک)نئے سال میں کراچی اسٹاک مارکیٹ کو نئے امتحانات کا سامنا ہے۔مہینوں بعد مارکیٹ شدید مندی کا شکار دیکھی گئی اور صرف ایک دن میں مارکیٹ 305 پوائنٹس نیچے آگئی۔

منگل کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں سال کا دوسرا روز سرمایہ کاروں کیلئے ایک برا دن ثابت ہوا۔صرف ایک سیشن میں انڈیکس میں تین نفسیاتی حدیں برقرار نہ رہنے سے سرمایہ کاروں کو مالی نقصان کا شدید جھٹکا لگا۔

کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کا بینچ مارک 100 انڈیکس 16795 پوائنٹس سے گر کر 16490 پوائنٹس پر بند ہواجبکہ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 411 پوائنٹس کی انتہائی گراوٹ بھی دیکھی گئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل تیزی کے بعد مارکیٹ میں مندی متوقع تھی تاہم امن و امان اور سیاسی صورتحال سے سرمایہ کار پریشان ہیں جس کے باعث مارکیٹ بڑی مندی کی لپیٹ میں آگئی۔