سی این جی کی قیمت میں 30 روپے 90 پیسے کمی کا اعلان

CNG Price

CNG Price

سپریم کورٹ(جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سی این جی کی قیمت میں 30 روپے 90 پیسے فی کلو گرام کمی کا اعلان، اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

اوگرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ریجن ون میں سی این جی کی نئی قیمت 61 روپے 64 پیسے جبکہ ریجن ٹو میں 54 روپے 16 پیسے ہوگی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔ واضع رہے کہ سپریم کورٹ نے سی این جی پر آپریٹنگ کاسٹ اور موجودہ منافع خلاف قانون قرار دیا تھا اور اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ قیمت یکم جولائی 2012 کی سطح پر لائی جائے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ سی این جی کو پٹرول سے منسلک کرکے دس روپے زائد وصول کئے جا رہے ہیں۔

سیکریٹری پٹرولیم کے بیان کی روشنی میں ایم او یو معطل ہوچکا ہے۔ سی این جی پر آپریٹنگ کاسٹ اور موجودہ منافع خلاف قانون ہے ۔عدالت نے چیئرمین اوگراکو یکم نومبر تک سی این جی کی قیمت کم کرنے کی سفارش تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے پہلے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نوے لاکھ روپے رشوت لے کر سی این جی سٹیشنز کے لائسنس دیے جا رہے ہیں۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ سی این جی کے بانوے روپے تریپن پیسوں میں سے سرسٹھ روپے سوالیہ نشان ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ اوگرا نے بس میں سفر کرنے والے صارف کا تحفظ کرنا ہے۔ غریب صارف سی این جی کی قیمت ادا کرتے ہیں۔ سرکار کی تابعداری آپ کا کام نہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ اوگرا اور سی این جی مالکان کی آپس میں یاری لگتی ہے۔ ہم نے سرا پکڑلیا ہے۔ بس کی چھت پر سفر کرنے والے کی جیب سے پیسے نکلوائے گئے۔ یہ پیسہ کس کی جیب میں گئے جلد پتہ چل جائے گا۔