شام میں 20 مظاہرین ہلاک؛ فرانس کی جانب سے مذمت

uzbek homs otishma

uzbek homs otishma

شام میں سرگرم کارکنوں نے کہا ہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔حکومت مخالف اتحاد کا کہنا ہے کہ بیشتر ہلاکتیں حمص شہر کے وسطی علاقے میں ہوئی ہیں۔اتحاد کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حمص کے مختلف حصوں میں مکمل طور پر فوجی حملے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینکوں سے لیس فوجی بدھ کی صبح شہر میں داخل ہوئے جہاں کئی علاقوں میں ٹیلی فون اور انٹر نیٹ کی سہولتوں کو منقطع کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا فرانس کے وزیر خارجہ آلاں ژوپے نے الزام لگایا ہے کہ شامی فورسز انسانیت کے خلاف جرائم کی مرتکب ہوئی ہیں۔انھوں نے مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے دمشق پر عائد کی گئی پابندیوں کا جواز موجود ہے۔ادھر ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ان کے شامی ہم منصب بشار الاسد کو مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کو بند کر کے حکومت کے مخالفین سے مذاکرات کرنے چاہیئں۔