شاہد آفریدی فلاحی مقاصد کیلئے تنظیم قائم کرنے کے خواہش مند

shahid afridi

shahid afridi

ہوسٹن : (جیو ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی فلاحی کاموں کے لئے تنظیم قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان چیریٹی ادارے کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خاطرامریکا میں ہیں۔ جس کی وجہ سے انہوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی شرکت نہیں کی۔

ہوسٹن امریکا میں شاہد آفریدی نے فلاحی تنظیم کی تقریب میں اپنی کئی یادگار اشیاء نیلامی کیلئے پیش کیں۔ جو مجموعی طور پر نوے لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئیں۔ ایشیا کپ میں شاہد آفریدی جس بیٹ سے کھیلے تھے اٹھارہ لاکھ ڈالر اور دوہزار نو میں انہوں نے دبئی میں جس گیند سے آسٹریلیا کی چھ وکٹیں لی تھیں آٹھ ہزار ڈالر میں نیلام ہوئیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ تقریب کے شرکا ء نے جس طرح انکی چیزوں کوخریدا اس سے انکا حوصلہ بڑھا ہے۔ وہ عمران خان کی طرح فلاحی کام کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے تنظیم قائم کریں گے۔