شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ، وال چاکنگ اور شاہراہوں پر بغیر اجازت بینرز آویزاں کرنے پر پابندی کا اعلان

کراچی (محمد ارشد) شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شاہراہوں ،سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات اور گلیوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ یقینی بنا کر ٹریفک کی روانی اور آمد ورفت میں حائل عوامی شکایات کا خاتمہ کردیا گیا ،ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کی جانب سے تجاوزات کے قیام ،وال چاکنگ اور شاہراہوں پر بغیر اجازت اشتہاری بینرز ،سائن بورڈ آویزاں کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کا تفصیلی دورہ کرکے تجاوزات اور غیر قانونی اقدام کے خلاف جاری آپریشن اور بیوٹی فکشن کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ عوامی مسائل کے خاتمے کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنا یا جائے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور بیوٹی فکشن کے حوالے سے جاری انتظامات کو سراہتے ہوئے نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی خوبصورتی کو بگاڑنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے میونسپل قوانین کے تحت قانونی کروائی کرکے تجاوزات سمیت غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنا یا جائے۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کو عوامی تعاون کے ذریعے مستقل بنیاد پر جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن علاقائی ترقی اور صاف ستھرے ماحول کے قیا م کے ساتھ عوامی تعاون کے ذریعے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتھ شاہ فیصل ٹاؤن میں بیوٹی فکشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف مہم کے ذریعے ٹاؤن کی اہم شاہراہوں میں ٹریفک کی روانی کی بہتری اور آمد و رفت میں حائل دشواریوں کے حوالے سے عوامی شکایات کے آزالے کو ممکن بنا یا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ تجاوزات اور غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کو یقینی بنا کر شاہ فیصل ٹاؤن میں مسائل کا خاتمہ یقینی بنا کر عوامی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا ئیں گے۔