شاہ فیصل ٹاؤن میں عشرہ محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے روٹس کو نو پارکنگ زون قرار دے دیا گیا

کراچی (ارشد محمد) شاہ فیصل ٹاؤن میں عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں ایام اعزاء پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کی انجام دینے کے ساتھ ساتھ امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس کو مکمل نو پارکنگ زون قرار دے کر ہر قسم کی گاڑیوں بشمول موٹر سائیکل کھڑی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی اور متعلقہ محکموں کو عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹاؤن میونسپل ایڈ منسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل نے امام بارگاہوں کے منتظمین ،جلوس پرمٹ ہولڈرز اور عوام خصوصاً تاجر برادری کے باہمی مشاورت اور تعاون کے زریعے شاہ فیصل کالونی نمبر1مین بازار روڈ سے سینکڑوں تجاوزات ہٹا کر روڈ کو رکاوٹوں سے مکمل پاک کردیا ۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کاچیف آفیسر کمال مصطفی اور دیگر بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کا تفصیلی دورہ کرکے امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس پر ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری انتظامات خصوصاً تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ انتظامات کی مکمل نگرانی اور منتظمین کی باہمی مشاورت کے زریعے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کی انجام دیہی کو یقینی بنایا جائے اس موقع چیف آفیسر کمال مصطفی نے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹ پر تجاوزات اور پارکنگ پر عائد پابندی کی سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنا ئی جائے اور جلوس برآمد ہونے سے قبل روٹس کا مکمل سروے کیا جائے۔

اگر کسی مقام پر روکاوٹ موجود ہو تو اسے باہمی مشاورت اور تعاون کے زریعے فوری ہٹایا جائے بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر منتظمین نے عشرہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور قیام امن کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی ذمہ دران و کارکنان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے افسران کی محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل کے خاتمے پر خراج تحسین پیش کیا ۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست قیادت اعزاداروں کو ایام اعزاء کے دوران سہولیات کی فراہمی اور اتحاد و بھائی چارگی فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے عملی جدو جہد میں مصروف ہے انہوں نے تمام مکایب فکر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و بھائی چارگی کے زریعے سازشی عناصر کے عزائم خاک میں ملادیں ۔