شہباز شریف ن لیگ کے بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور : (جیو ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب ہو گئے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ جرنیل سیاست کے بجائے ملکی دفاع پر توجہ دیں تو فوج کا نام اور مقام بلند ہو گا۔ لاہور میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے کرنل شیراز کی والدہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ کرنل شیراز شہید نے پاک فوج کے اصل مقاصد کو پورا کیا ہے، جب جرنیل سیاست کا رخ کرتے ہیں تو وہ مناسب نہیں ہے۔ اس سے پہلے مسلم لیگ نون پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے جان لیں کہ تبدیلی آنے میں تھوڑا ہی وقت رہ گیا ہے۔ پارٹی نے ملکی تقدیر سنوارنے کے لئے انقلابی ایجنڈا ترتیب دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو دس بار وردی میں صدر منتخب کرانے والے اب ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرانے والوں کے ساتھی ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کو مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج کا پاکستان مختلف ہوتا۔ اجلاس میں شہباز شریف کو مسلم لیگ نون پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا۔ شہباز شریف نے پارٹی کا صوبائی صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں عہد کیا کہ وہ عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے جان کی بازی لگانے سے گریز نہیں کریں گے۔

صوبائی کونسل کے اجلاس میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور بلوچستان کے مسائل کے حل سے متعلق قرارداوں کی منظوری بھی دی گئی۔