شیخوپورہ، فاروق آباد کے قریب گاڑیاں ٹکرا گئیں

panjab

panjab

شیخوپورہ میں فاروق آباد کے قریب موٹر وے پر کئی گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جس کے باعث تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ میں فاروق آباد کے قریب دھند کے باعث گاڑیوں کا قافلہ سڑک پر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال شیخوپورہ منتقل کردیاگیا۔ پولیس کے مطابق تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ دھنداور خراب راستے کے باعث زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں کو اسپتال پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔
ادھر لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ اور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج تک موٹر وے بند کردی گئی ہے۔ نیشنل ہائی وے پر بھی لاہور سے ساہیوال سیکشن تک شدید دھند ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ سے ایم ٹو سیکشن پر حد نظر صفر ہے جس کے باعث موٹر وے سیکشن کو شیخوپورہ انٹرچینج تک بند کیاگیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ مسافر آئندہ دو سے تین روز تک رات اور صبح کے اوقات میں موٹروے پر سفر نہ کریں۔موٹر وے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ دوپہر کے وقت سفر کریں۔ موٹر وے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ساہیوال تک بھی شدید دھند ہے اور حد نظر تیس سے سو میٹر ہے۔