صدر زرداری کا سیاسی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

President Zardari

President Zardari

صدر آصف زرداری نے سیاسی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا، حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کرے گی۔ یوسف رضا گیلانی پارٹی کے ممکنہ شریک چیئرمین بنیں گے۔

آئندہ انتخابات کو غیر جانبدارانہ بنانے اور عدالتی رسہ کشی سے بچنے کیلئے صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کیلئے صلاح مشورہ شروع کر دیا ہے۔ پارٹی کی اعلی قیادت اور قانونی و آئینی ماہرین سے بھی اس بارے میں رائے لی جا رہی ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین کے عہدے کیلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے نام پر غور کیا جا رہا ہے جنہوں نے گذشتہ ہفتے اپنی سیاسی مہارت اور تجربے کی بنا پر پارٹی کو نہ صرف مضبوط کیا بلکہ سیاسی مخالفین کو پچھاڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس معاملے پر غور کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ صدر زرداری کے سیاسی عہدہ چھوڑنے کا اعلان پانچ جنوری کو پارٹی کے یوم تاسیس پر متوقع ہے۔ مجلس عاملہ کے فیصلے کی روشنی میں بلاول بھٹو زرداری کو باضابطہ طور پر پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے متحرک کیا جائے گا۔ صدر زرداری کی جانب سے یہ انتہائی اہم فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن، سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس اور حالیہ صدارتی ریفرنس کے فیصلے کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے شرط رکھی تھی کہ صدر زرداری اگر سیاسی عہدہ چھوڑ دیں تو انتخابی نتائج اور صدر کی اپنی حیثیت متنازع نہیں رہے گی۔ صدر زرداری سیاسی عہدہ چھوڑ کر نواز لیگ کو پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ ایوان صدر آئندہ الیکشن کے دوران غیر جانبدار رہے گا اور انتخابات میں کسی ممکنہ دھاندلی کا الزام ایوان صدر پر عائد نہیں کیا جا سکے گا۔