صدر ملک کی آزادی اور وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھارت کے ساتھ تعلقات حساس نوعیت کے ہیں۔ صدر زرداری دورہ بھارت سے قبل پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چوہدری نثار نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ بھارت کرکٹ اور ہاکی ٹیم پاکستان بھیجے کو تیار نہیں۔ صدر زرداری بھی ملک کی آزادی اور وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ ان کا بغیر کسی ایجنڈے کے بھارت جانا ان کے عہدے کے شایان شان نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ آج امریکا نے حافظ سعید کے سر کی قیمت مقرر کی۔ کل کسی اور پاکستانی کے سر کی قیمت بھی لگ سکتی ہے۔ حکومت نے اس موقع پر واضح مؤقف اختیار نہ لیا تو غفلت کی مرتکب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید پر کوئی الزام نہیں۔ امریکا کے ساتھ ازسرنو تعلقات کا تعین ہو رہا ہے مگر وہ ہمارے قانون کا تمسخر اڑا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حافظ سعید کے سر کی قیمت لگایا افسوسناک ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی حکومت کا کمزور موقف سامنے آیا ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حکام سے صدر کی ملاقات کے لیے کوئی درخواست نہیں کی۔ صدر کا دورہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے انہیں دہلی میں ظہرانے پر مدعو کیا ہے۔ صدر نے یہ دعوت قبول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری ڈائیلاگ پراسس کا حصہ نہیں ہے۔