فوج ،عدلیہ اور الیکشن کمیشن کا امتحان شروع ہوچکا ہے، روشن پاکستان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) روشن پاکستان پارٹی (محب وطن ) کے چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ مقتدر سیاسی جماعتیں جو یوم انتخا بات پر یوم حساب سے بچ کر پہنچنا چاہتی ہیں ، آئین کی شق 62اور63پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کے خوف سے لرزہ براندام ہیں یہی وجہ ہے کہ کل تک ایک دوسرے کو دہشت گرد، امریکی ایجنٹ، کافر، غدار اور ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دینے والے امریکی ہدایت پر مفادات کیلئے یکجا ہوکر سامراج کے خلاف دوزانوبیٹھے سجدہ ریز ہونے کیلئے تیار ہیں کہ کسی طرح احتساب سے بھی بچ جائیں اور اقتدار بھی عوام کو منتقل نہ ہو پائے۔

اس صورتحال میں فوج ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن تینوں کاامتحان ہے کیونکہ جمہوریت بچاتے ہیں تو وطن عزیز امریکہ کا ترنوالہ جبکہ قوم غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کے عمیق گڑھے میںاور ملک وقوم کو بچانے کیلئے جمہوریت کو قربان کرنا پڑے گا مگر بات اب شاید اس سے بھی آگے نکل چکی ہے کیونکہ قوم جمہوریت و آمریت سے بالا یعنی نظام کی تبدیلی کا مطالبہ کررہی ہے جس سے گریز کی کوشش جمہوریت، آمریت کیلئے ہی نہیں بلکہ فوج ، سیاستدانوں، قانون دانوں ، اشرافیہ ، مقننہ اور عدلیہ کیلئے بھی خطرناک نتائج کی حامل ثابت ہوگی۔