قائداعظم ایک صاحب بصیرت اور باعمل شخصیت تھے جنہوں نے تمام عمر اصولوں اور قانون کی پاسداری کی۔ چوہدری وسیم

گجرات (جی پی آئی) قائداعظم ایک صاحب بصیرت اور باعمل شخصیت تھے جنہوں نے تمام عمر اصولوں اور قانون کی پاسداری کی ہے ان خیالات کا اظہار سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے سینئر نائب صدر چوہدری وسیم افضل جوڑا ایڈووکیٹ نے سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے زیر اہتمام یوم ولادت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج ہمارے تمام عوامل قائداعظم کی تعلیمات کے منافی ہیں ، قومی بحرانوں سے نکلنے کیلئے ہمیں اجتماعی طور پر مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہو گا ، سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے جنرل سیکرٹری چوہدری علی ابرار جوڑا نے کہا کہ سٹیزن فرنٹ کا بنیادی مقصد قومی اکابرین بالخصوص بانی پاکستان قائداعظم اور عظیم فلسفی حضرت علامہ اقبال کے نظریات کو فروغ دینا ہے ، جنکی جدوجہد سے علیحدہ اسلامی ریاست پاکستان کی تشکیل ممکن ہوئی ، اور آج ہم آزاد زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخی روایات اور قومی شخصیات سے متعارف کروانے کیلئے ایسی فکری نشستیں وقت کی اہم ضرورت ہیں ، سٹیزن فرنٹ تحصیل گجرات کے صدر چوہدری نجیب اشرف چیمہ نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ایک سچے اور بااصول سیاستدان تھے ان جیسا مدبر اور قد آور سیاستدان برصغیر کی تاریخ میں ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملے گا ، انہوں نے کہا کہ عظیم قائد کے نظریات و شخصیت کو رول ماڈل بنا کر ملک کو درپیش چیلنجوں سے عہدہ برا ہوا جا سکتا ہے۔

سٹیزن فرنٹ تھنکرز فورم کے چیئرمین ممتاز دانشور افتخار بھٹہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ طبقاتی و مفادات سیاست کی وجہ سے ہماری زندگی پر منافقت اور لالچ غالب آ چکا ہے ہم عظیم قائد کا نام اور اصولوں کی بات محض مقبولیت حاصل کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں ، ہمارا معاشی اور سیاسی نظام کسی ارتقائی عمل کی پیداوار نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ بحرانی کیفیات نے ہماری ثقافت اور سماجیت کو گھیر رکھا ہے ، سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے صدر شیخ عرفان پرویز نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا برصغیر کے مسلمانوں پر احسان عظیم ہے ، جنکی جدوجہد سے علیحدہ اسلامی ملک پاکستان معرض و جود میں آیا ، نائب صدر محمد اشرف منہاس نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال سے نکلنے کیلئے متعلقہ قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے ، دہشت گردی کی عفریت سے نکلنے کیلئے اجتماعی قومی پالیسی اور فکر قائد کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر ارشد چوہدری نائب صدر نے کہا کہ ہم وقت کی پابندی کر کے قائداعظم کے فرمودات پر تھوڑا سا عمل کر کے ترقی اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ، فکری نشست سے راجہ محمد اعجاز ، چوہدری اورنگزیب ، محمد مجید بھٹی ، خاور بشیر بٹ ، محمد یاسین ناصر، چوہدری حسین وقار جوڑا ، تنویر بھٹی ، ارشد محمود چیمہ ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، اذان بھٹی ، محمد اسلم ناز ، حاجی عبدالرئوف نے بھی خطاب کیا ، آخر میں سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز کی طرف سے پر تکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔