لاہور، کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند

Mobile Services Off

Mobile Services Off

لاہور، کراچی (جیوڈیسک) یوم عاشور کے موقع پر دہشت گردی کے خطرے کیپیش نظرلاہور، کراچی اور پشاور سمیت 50 سے زائد شہروں میں موبائل اور پی ٹی سی ایل وائرلیس فون سروس رات بارہ بجے تک بند کر دی گئی۔ موبائل فون اور وائرلیس فون سروس بند کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومتوں کی درخواست پر کیا گیا۔ موبائل فون سروس کو صبح چھ بجے بند کیا جانا تھا تاہم کراچی اور لاہور میں کئی موبائل کمپنیوں کی سروس وقت سے تین گھنٹے پہلے بند کر دی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موبائل فون اور وائرلیس فون سروس کراچی، حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے 5 اضلاع لاہور ملتان، جھنگ، سرگودھا، راولپنڈی اور اٹک سمیت پنجاب کے 14 اضلاع میں بند کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، نوشہرہ اور چارسدہ سمیت گیارہ اضلاع میں موبائل اور وائرلیس فون خاموش کردیئے گئے۔ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، خضدار، تربت، گوادر، پنجگور، مستونگ، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی سمیت 10 اضلاع جبکہ آزاد کشمیر کے پانچ اضلاع مظفرآباد، کوٹلی، نیلم ویلی، راولاکوٹ اور میرپور میں بھی اٹھارہ گھنٹے کے لئے موبائل فون کھلونا بن گئے۔

اس کے علاوہ گلگت، کرم ایجنسی اور میران شاہ میں بھی لوگ موبائل فون پر اپنے پیاروں سے رابطہ نہیں کرسکیں گے۔ میران شاہ میں پی ٹی سی ایل فون بھی خاموش کئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے نو محرم کو بھی 49 شہروں میں موبائل فون اور وائرلیس فون بند کئے گئے تھے۔ وزیرداخلہ رحمان ملک نے رات نو بجے موبائل فون سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود تین گھنٹے بعد کمپنیوں نے سروس بحال کی تھی۔