لاہور سمیت 49 شہروں میں موبائل سروس بند، شہریوں کو مشکلات

Mobile Service

Mobile Service

لاہور (جیوڈیسک)کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تمام موبائل فون اور پی ٹی سی ایل وی فون سروسز بند کر دی گئی ہیں۔ سروس اتوار کی رات دس بجے تک معطل رہے گی۔

کراچی میں نو اور دس محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں تمام موبائل فون سروسز اور پی ٹی سی ایل وی فون بھی بند کردی گئی۔ بلوچستان کے دس، خیبرپختونخوا کے گیارہ، سندھ اور آزاد جموں و کشمیر کے پانچ پانچ پنجاب کے چودہ شہروں میں کل رات دس بجے تک موبائل سروس بند رہے گی جن شہروں میں موبائل سروس بند کی گئی ان میں لاہور، ملتان، سرگودھا، اٹک، راولپنڈی، جھنگ، رحیم یار خان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔

سندھ میں لاڑکانہ، خیر پور، حیدر آباد اور کراچی میں موبائل سروس بند کی گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، خضدار، تربت، گوادر، پنجگور، مستونگ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور حب میں موبائل سروس بند کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں کوہاٹ، استرزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، نوشہرہ، ہری پور، چارسدہ اور مردان میں موبائل سروس بند کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں مظفرآباد، کوٹلی، نیلم ویلی، راولا کوٹ اور میرپور میں بھی موبائل سروس بند کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں گلگت اور فاٹا میں کرم ایجنسی اور میران شاہ موبائل سروس بند کی گئی ہے۔ رواں سال کراچی میں موبائل فون سروس ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پانچویں مرتبہ بند کی گئی ہے۔