بلوچستان حکومت کا ہڑتالی ڈاکٹرزکی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ

Doctors Strike

Doctors Strike

بلوچستان(جیوڈیسک)بلوچستان حکومت کے محکمہ صحت نے صوبے میں موجود گیر رجسٹرڈ ہسپتالوں کیخلاف کارروائی اور ہڑتالی ڈاکٹروں کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ کے مطابق بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز سترہ اکتوبر سے ہڑتال پر ہیں اور خدمات سرانجام نہیں دے رہے ہیں جسکی وجہ سے بلوچستان حکومت نے نہ صرف ڈاکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں بلکہ ان ہڑتالی ڈاکٹرز کی ماہ نومبرکی تنخواہیں روکنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سمری منظوری کیلئے اعلی حکام کو بھیج دی گئی ہے۔

سیکریٹری صحت کے مطابق بلوچستان بھر بالخصوص کوئٹہ میں موجود غیر رجسٹرڈ نجی اسپتالوں کیخلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں میں ان نجی اسپتالوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے جو کہ غیر رجسٹرڈ ہیں سیکریٹری صحت کے مطابق ان غیر رجسٹرڈ ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کیخلاف بھی کاروائی کی جائیگی۔

بلوچستان میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر سعید خان کے اغوا کیخلاف سترہ اکتوبر سے ہڑتال کا آغاز کیا ہے اور بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز آپریشن تھیٹرز اور ایمرجینسی بند ہیں۔