لاہور کی حبریں 18.01.2013

کامیاب لانگ مارچ پرعلامہ طاہرالقادری اور دھرنے کے شرکاء مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مولانا احترام الحق تھانوی

لاہور( جی پی آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنمامولانا احترام الحق تھانوی نے منہاج القران کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو کامیاب لانگ مارچ اور دھرنے کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تاریخ کے ایک انوکھے اور اپنی مثال آپ لانگ مارچ کی کامیابی پر ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے رفقاء اور مارچ کے شرکاء مبارکباد کے مستحق ہے ۔جن کے تعاون سے کسی نا خوشگوار واقعہ کے بغیر لانگ مارچ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب معالج وہ ہے جو نہ صرف مرض کی تشخیص کرے بلکہ مریض کابھی مکمل علاج کریںاور علاج اس کی صحت یابی تک جاری رکھے۔ اس کامیابی کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری کے کندھوں پر ذمہ داری کا بوجھ اور بھی بڑھ گیا۔توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے آئندہ کی صورتحال سے نبردا آزما ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت مخالف قوتوں کی مرادیں بارآور نہ ہوسکیں، لانگ مارچ اتحادی مارچ  بن کر منطقی انجام کو پہنچا: شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اتحادی مارچ بن کر اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔ کوئی مطالبہ پورا نہیں ہوا، معصوم بچوں، عورتوں، بزرگوں کو سخت سردی اور بارش میں ناحق تکلیف میں رکھا گیا۔ جمہوریت مخالف قوتوں کی مرادیں بارآور نہ ہوسکیں۔ عام انتخابات کے نزدیک نام نہاد انقلاب کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے سے کیا مقاصد حاصل کئے گئے؟ لانگ مارچ اور دھرنے پر کروڑوں روپے برباد کرنے والے ”مک مکا” کرکے چل دیئے۔ لانگ مارچ کرنے والوں نے پہلے جنہیں برا بھلا کہا پھر انہیں گلے لگا لیا، یہ قول و فعل کا کھلا تضاد ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ طاہرالقادری ”ریاست بچائو” کی بجائے عزت بچائو” کا معاہدہ کر گئے۔ گرم کنٹینر میں بیٹھنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ ملک و قوم کی خدمت کا درد رکھنے والوں کو مٹی کے ساتھ مٹی بننا پڑتا ہے اور مشکل حالات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اصل قوت عوام ہیں جو ووٹ کے ذریعے تبدیلی لاتے ہیں۔ طاہرالقادری نے بچوں اور خواتین کو اپنی ضد کی وجہ سے بیمار کرکے چھوڑ دیا جبکہ وہ خود گرم کنٹینر میں تشریف فرما رہے۔ پوری قوم جانتی ہے کہ لانگ مارچ کرنے والے امپورٹڈ عناصر اس وقت بیرون ملک عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے تھے جب ملک کو سیلاب اور ڈینگی جیسی قدرتی آفات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی یا انقلاب زبانی نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے آتا ہے۔ عوام نے جھوٹے نعرے لگانے والوں کو رد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس کیلئے عام انتخابات کا بروقت انعقاد انتہائی ضروری ہے کیونکہ ملک جن گھمبیر مسائل میں دھنس چکا ہے ان کے حل کیلئے نئے مینڈیٹ کی ضرورت بڑھ چکی ہے۔ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ وںپر سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ ملک کسی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیںہوسکتا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔اسے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، جہالت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے جن کا واحد حل عام انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے نااہل حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن نے ہی ملک کو گھمبیر مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ میں روز اول سے ہی اس کرپٹ مافیا کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں عوامی خدمت اور گڈ گورننس کی بنا پر ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں میں مقبول جماعت بن چکی ہے اور مخالفین مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمہوریت ، قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل ترجیجی بنیادوں پر حل کریں اور ان سے قریبی رابطہ رکھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت پر جب بھی مشکل وقت آیا پیپلز پارٹی نے ہی فیصلہ کن کردار ادا کر کے جمہوری نظام بچایا:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ جمہوریت پر جب بھی مشکل وقت آیا پیپلز پارٹی نے ہی فیصلہ کن کردار ادا کر کے جمہوری نظام بچایا ایک بیان میں انہوں نے کہا جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا پیپلز پارٹی سب سے بڑی مذاہمت کرنے والی جماعت بن کر سامنے آئی۔ ضیاالحق کا مارشل لاء ہو یا پرویزی آمریت پیپلز پارٹی کے ورکروں نے اپنا لہو دے کر جمہوریت کا پرچم سربلند کیا انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر پیپلز پارٹی نے جمہوری نظام کے استحکام اور تحفظ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جمہوریت کا جو سبق ہمیں پڑھایا تھا وہ آج بھی ہمیں یاد ہے یہی وجہ ہے کہ جن لوگوں نے چند روز قبل جمہوریت کے لئے خطرات پیدا کرنے کی کوشش کی پیپلز پارٹی نے جمہوری طرزِ عمل اپناتے ہوئے مکالمہ بازی کر کے یہ خطرات مٹا دئیے، ملک بھر کی سیاسی جماعتیں گواہ ہیں کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے جس دانش سے اس معاملے کو سنبھالا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہمارا ماضی شاہد ہے کہ ہم نے جمہوریت کے لئے سر تو کٹوا ئے ہیں مگر سر جھکائے نہیں، معاملات کتنے ہی سنگین ہوں ہم نے جمہوری نظام کو ہی اولیت دی ہے یہ وجہ ہے پیپلز پارٹی موثر اور سب سے بڑی جمہوری قوت ہے اور ملک بھر میں مقبول ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پا کستان سنی تحر یک کے زیر اہتمام ربیع الاول کی آمد کے سلسلہ میں میلاد ریلی نکا لے گی
لاہور (جی پی آئی)پا کستان سنی تحریک کے زیر اہتمام 20جنوری بروز اتوار میلاد ریلی داتا دربار سے نکالی جائے گی ، پاکستان سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ پا کستان کو سیاسی ،معاشی،اخلاقی اور مذہبی طور پر ایک سازش کے تحت کمزور کیا جا رہا ہے۔اسلام اور پا کستان کے دشمن پا کستان کو ایک ناکام ریاست بنانا چا ہتے ہیں۔ملک میں جا ری ہر طرح کا فساد خواہ وہ مذہبی ہو سیاسی ،جمہوری ہو یا فوجی اس کی صرف ایک ہی وجہ ہے کہ دشمن پا کستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سر حدوں کو کھو کھلا کرنا چا ہتا ہے۔کوئٹہ،پشاور اورکراچی میں جاری خو نی فسادات کو ایک مخصو ص وقت میں ایک مخصو ص گروہ ہوا دیتا ہے آئندہ الیکشن کو ہر حال میں بروقت ہی کروانا ہو گا ۔ تمام سیاسی جما عتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں امن و امان قا ئم رکھنے جمہوریت کورواں رکھنے اور برادشت کے عمل کو پروان چڑھانے میں ملک وقوم کی مکمل رہنما ئی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی آفس داتا دربار میں ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اُنہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں عید میلالنبی ۖ کے مو قع پر سکیور ٹی کے انتظامات پا ک فوج کے حوالے کئے جائیں۔مرکزی حکو مت کو چا ہئے کہ وہ 11ربیع الاول کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرے۔حکمرانوں کے زبا نی جمع خرچ پر قوم کو اعتماد نہیں رہا۔موجودہ حکمران عوام میں امن و امان ،ملکی معیشت ،سیاسی اور مذہبی قدروں کا تحفظ کرنے میں ناکام ر ہے ہیں۔ان موجود ہ حالات میں حکمران حکومت کر نے کا اپنا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمد نواز قادری ، حافظ محمد رمضان قادری بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنٹینرانقلاب”اپنے انجام کو پہنچ گیا۔مسز ملک
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن)شعبہ کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدرمسز ملک نے کہا ہے کہ” کنٹینرانقلاب”اپنے انجام کو پہنچ گیا۔قوم جانتی ہے کہ انقلاب وی آئی پی کنٹینر میں بیٹھ کر نہیں آتے۔ امپورٹڈ عناصر کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔ مسلم لیگ( ن) کے ہوتے کوئی مائی کا لال پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کو نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے’ جعلی نعروں کے ذریعے انقلاب کے جھوٹے وعدے کرنا پوری قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی گاڑی کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کرنے والے قوم کے مجرم ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ تبدیلی یا انقلاب زبانی نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے آتا ہے۔ عوام نے جھوٹے نعرے لگانے والوں کو رد کر دیا ہے۔ عوام کے مسائل کا حل صرف(ن) لیگ کے پاس ہے۔مسلم لیگ (ن) کی اصولی سیاست نے ہمیشہ جمہوریت کی گاڑی کوڈی ریل ہونے سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے کبھی اصولوںپر کوئی سودے بازی نہیں کی اور یہی وجہ ہے کہ عوام آج نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے اور آج ملک کی عوام قائد پاکستان نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک بار پھر یہودو ہنود کے ایجنڈے کے مطابق پاکستان کوتوڑنے کی کوشش ہورہی ہے: ثروت اعجاز قادری
لاہور( جی پی آئی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ایک بار پھر یہودو ہنود کے ایجنڈے کے مطابق پاکستان کوتوڑنے کی کوشش ہورہی ہے انتہا پسندی دہشت گردی اور ملک میں بدامنی اسی سازش کی کڑیاں ہیں۔ پاکستان اور اسلام کا تحفظ ملک بنانے والے ہی کرسکتے ہیں۔ باطل قوتیں یہود و ہنود کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں جو لوگ یہ کہتے تھے کہ ہم پاکستان بنانے کے گناہ میں شامل نہیں تھے وہ آج ملک کے مائی باپ بن رہے ہیں محب وطن اور عاشقان مصطفی اندر اور باہر کے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام تر اختلاف بھلا کر عشق مصطفی کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے متحد ہو جائیں۔ تخلیق وجہ کائنات امام الانبیاء حضرت محمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا یوم ولادت منانا ایمان کی تجدید ہے۔ عالم اسلام سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا جشن ولادت شایان شان منانے کے لیے محفل میلاد اور دوردوسلام کی محافلیں سجائیں۔ ربیع النورکا مہینہ برکتوں ، رحمتوں، عظمتوں کا ہے پاکستان سنی تحریک کے تحت پورے ملک میں جشن آمد رسول کے سلسلے میں آج پرچم کشائی ہوگی عوام اہلسنّت گلیوں، بازاروں، محلوں، شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگادیں۔ صوبائی و وفاقی حکومتیں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے سرکاری سطح پر پروگرام کرائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی آفس داتا دربار میں کار کنان کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ربیع الاول کے موقع پر نہ صرف امن وامان کو بر قرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری کو پورا کریں بلکہ(K.E.S.C) سمیت بجلی فراہم کرنے والے ملک بھر کے تمام ادارے ربیع النور کے دوران بالخصوص میلاد کے جلسوں اور محافل نعت کی تقریبات کو کم از کم بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے کر اپنی قبروں میں اجالے کا ضرور اہتمام کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی اساس رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی محبت پر اپنا سب کچھ قربان کردینے کا نام ہے۔ یہی فکر و فلسفہ پاکستان سنی تحریک کا ہے۔ ہم نے لوگوں کی طرح زبانی نہیں عملی طور پر غلامی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم میں موت کو قبول کرنے کی تاریخ رقم کرنی ہے انشاء اللہ اس روایات کو برقرار رکھا جائے گا اور جیسے جیسے12ربیع الاول کا یوم قریب آئے گا پورا ملک سبز گنبد خضریٰ اور نعلین مبارک کے پرچموں سمیت فضا درود وسلام سے گونج اٹھے گی لیکن اس دوران حکومت کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ سنی تنظیمیں اپنے طور پر بھی جلسے جلوسوں کی حفاظت کا فریضہ بھی انجام دیں کیوں کہ طاغوتی قوتوں کے آلہ کار انتہا پسندی کی صورت میں کچھ بھی شر اور فساد کرواسکتے ہیں۔ جس کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی اور قائدین کی ہدایت پر مضبوطی سے قائم رہنا ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی، صوبائی اراکین رابطہ کمیٹی مولانا زاہد حبیب قادری، ڈاکٹر شاہد حسین قادری بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب کا لاہور میں عمارت گرنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے اندون لاہور کے علاقہ ٹبی سٹی میںعمارت گرنے کے واقعہ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کی دیکھ بھال اور طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
بلوچستان اور کراچی میں پائیدار امن کے قیام کے لئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوجی آپریشن ضروری ہے:علامہ ناصر عباس جعفری
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شہدائے مستونگ اور شہدائے علمدار روڈ کے خون کی تاثیر نے نہ صرف ملت تشیع کو وحدت کی لڑی میں پرویا بلکہ بلوچستان کے مکینوں کو بد دیانت اور نااہل حکمرنوں سے نجات بھی دلائی، بلوچستان حکومت کی برطرفی اور وہاں گورنر راج کے نفاذ کے بعد توقع کی جاسکتی ہے کہ حالات بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا یہ بیان کہ ان ہاس تبدیلی آنی چاہیے تھی سن کر افسوس ہوا ہے، ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ پانچ سال تک کوئٹہ کے شہریوں اور زئراین کو خون میں نہلایا جاتا رہا، کیا مولانا بتائیں کہ ان کی جماعت نے اس دوران اِن ہاس تبدیلی کیلئے کیا کیا۔؟ تھے۔علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بلوچستان اور کراچی میں پائیدار امن کے قیام کے لئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوجی آپریشن ضروری ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس پر سنجیدگی سے سوچے، انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں دوبارہ حکومت بحال کی گئی تو یہ مرکزی حکومت کیلئے اچھا نہیں ہوگا، اگر ایسا کیا گیا تو ہم مرکزی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے آئینی مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، تاہم بحیثیت تنطیم لانگ مارچ میں شرکت باقاعدہ دعوت اور مشاورتی عمل کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب اپنی دعوت کے عمل کو وسیع کریں، تاکہ کوئی اور بھی شریک ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کا جینا بھی محال کر دیا، انجینئر یا سر گیلانی
لاہور (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے رہنما انجینئر یا سر گیلانی نے شاہدرہ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کا ایجنڈا اپنی جیبیں بھرنا اور غربت کی بجائے غریب مکائو ہے ۔ موجودہ حکومت نے غریب آدمی غریب تر اور امیر امیر تر بنا دیا ہے۔اس موقع پر محمد امجد، ڈاکٹر عامر گیلانی ،عمر خطاب سندھو ،ابوبکر عظیم ،رانا غفران، انجینئر عاصم ریاض، عدنان سہیل اور میاں مبشر یعقوب موجود تھے۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ہر مہینے حکومت عوام پر کوئی نہ کوئی بم گرا دیتی ہے۔ موجودہ حکومت کا ایک ایک دن عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔حکمرانوں کے پاس بے بس اور لاچار عوام کے لیے کچھ نہیں ہے۔اب عوام کو بھی چاہیے کہ ان نااہل حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکل آئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
لانگ ماچ پرمک مکاکرنے والے مقدمات کے خوف سے وزیراعظم کی کرپشن کے مقدمے
پرسمجھوتہ کرگئے ،مشاہداللہ خان
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے کہ 30اکتوبر2011سے لیکرقادری کے مک مکامارچ تک رچائے گئے تمام ڈراموں کا مقصدمسلم لیگ(ن) کو اقتدارمیں آنے سے روکناہے ۔انہوں نے کہاکہ لانگ ماچ پرمک مکاکرنے والے مقدمات کے خوف سے وزیراعظم کی کرپشن کے مقدمے پرسمجھوتہ کرگئے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ جس وزیراعظم کی گرفتاری کی خبر پرفلک شگاف نعرے لگوائے گئے اسی وزیراعظم کے دستخطو ں سے طے پانے والے معاہدے کو دنیامیں عوامی جدوجہد کی تاریخ میں عظیم فتح قراردیاگیا۔انہوں نے کہاکہ آئندہ ہفتے سے ایک بارپھروزارت عظمی پرنئے بحران کا آغازہونے جارہاہے ، حکومتی مشیروں کی جانب سے رینٹل پاورکیس میں وزیراعظم کی گرفتاری کے معاملے پرسپریم کورٹ کے ساتھ ایک بارپھرکشمکش کا آغازکردیاگیاہے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ حکمران جانتے تھے کہ راجہ پرویزاشرف کے خلاف کرپشن کانہایت ہی مضبوط مقدمہ زیرسماعت تھاپھرانہیں وزیراعظم بنادیاگیا۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی عام انتخابات سے قبل سیاسی شہیدبننے کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگارہی ہے ۔انہو ںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کے نزدیک سیاسی مظلومیت اورکرپشن میں ملک کی دیگرممالک پرسبقت سب سے بڑی کارکردگی ہواکرتی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے حکمرانوں کی کرپشن اوربدانتظامیوں کوہرمرحلے پرآئین اورقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بے نقاب کیا۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) عام انتخابات میں تمام محب وطن قوتوں کو ساتھ لیکرچلے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تین چار دن کے ڈرامہ کے بعد طاہر القادری کا لانگ مارچ انتہائی بھونڈے انجام کو پہنچا ہے: سید منورحسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان پاکستان سید منور حسن نے طاہر القادری اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین چار
دن کے ڈرامہ کے بعد طاہر القادری کا لانگ مارچ انتہائی بھونڈے انجام کو پہنچا ہے ،دودن پہلے وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر نعرے لگانے، خوشی منانے اور لانگ مارچ کے شرکاء کو فتح کی نوید سنانے والے طاہر القادری نے اسی وزیر اعظم کے دستخطوں سے طے پانے والے معاہدے کو تسلیم کیا اور جن وزراء اور حکومتی نمائندوں کو وہ ایک دن پہلے تک سابق کہہ رہے تھے ان کی پذیرائی کرتے ہوئے انہیں گلے لگایا اور بڑھ چڑھ کر تحسین کی، وزیر اطلاعات جو دو دن پہلے طاہر القادری کو مذاق کا نشانہ بنا رہے تھے اور ان پر پھبتیاں کس کر صحافیوں کے درمیان پھل جھڑیاں بکھیر رہے تھے ان کو طاہر القادری اس طرح گلے ملے جیسے برسوں سے بچھڑے ہوئے تھے ، سید منور حسن نے کہا کہ معاشرے کی بدقسمتی ہے کہ لوگ کھیل تماشے کیلئے تو جمع ہوجاتے ہیں لیکن جو لوگ ان کی بھلائی اور خیر خواہی کی بات کرتے ہوں ان کی طرف ان کی توجہ نہیں جاتی۔ان رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے ، طاہر القادری نے ہزاروں لوگوں کے جذبات سے کھیل کر ان کا مذاق اڑایا ،جن معاملات پر حکومتی وفد لانگ مارچ سے پہلے گفتگو کرنے پر تیارتھا ،لانگ مارچ اور ہزاروں لوگوں کو شدید سردی میں تین دن تک سڑک پر بٹھائے رکھنے کے بعد بھی طاہر القادری نے انہی معاملات پر مذاکرات کئے اور حکومتی شرائط کو قبول کیا ۔مذاکرات میں ان کا کوئی ایک مطالبہ بھی تسلیم نہیں کیا گیا ، ملک کی تمام جمہوری پارٹیوں کے متفقہ الیکشن کمیشن کو تحلیل اور الیکشن کمشنر کو برطرف کرنے کا ان کا مطالبہ ناصرف غیر آئینی بلکہ غیر سنجیدہ تھا ،اسمبلیوں کو 16مارچ تک اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہونا ہی تھا ،انہوں نے کہاکہ کوئی ایک بات بھی ایسی نہیں جو نئی ہو اور طاہر القادری حکومت سے منوانے میں کامیاب ہوئے ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
طاہر القادری کے احتجاج کاڈراپ سین ، پورے احتجاجی عمل کا آغاز و اختتام : لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے ایک
بیان میں کہاہے کہ ادارہ منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادر اور صدر آصف زرداری کی سربراہی میں حکمران اتحاد کے درمیان معاہدہ سے احتجاجی دھرنا ختم ہوگیا ۔ عوامی مارچ اور دھرنا اچھااور مثالی تھا ۔ مردو خواتین لڑکوں اور لڑکیوں نے پرامن اور سرد موسم کے مقابلہ میں استقامت دکھائی جو قابل تحسین ہے ۔ احتجاج کاڈراپ سین ، پورے احتجاجی عمل کے آغاز و اختتام ایسا تھا جیسے سب کچھ باقاعدہ لکھے گئے سکرپٹ پر عمل کیا گیااسی لیے عوام اور تجزیہ کاروں کے لیے کئی سوالات چھوڑ گیا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری جن حکمرانوں کے خاتمہ ، استعفیٰ کے علاوہ انہیں جھوٹے ، بے ایمان ، پاگل، بے شرم ، چور ، لٹیرے ، عوام دشمن ، بجلی چور جیسے القابات سے نواز رہے تھے یکدم ان کے ساتھ معاہدہ کرلینا عوام کے لیے حیران کن ہے ۔آخر کون سا انقلاب ، کوئی تبدیلی اور عوام کو کرپٹ نااہل حکمرانوں سے کوئی نجات ملی ہے ۔ حقیقت میں ڈاکٹر طاہر القادری نے خطابت کے زور پر زبردست جارحانہ موقف کا اظہار تو کیا لیکن بزدلی ، یوٹرن اور کرپٹ ظالم حکمرانوں کے ساتھ سرنڈر کرنے کی روایت برقرار رکھی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری اب عملاً حکمران اتحاد کا حصہ بن گئے ہیں ۔ صدر آصف علی زرداری نے بڑی مہارت سے حکمرانی ٹوپہ میں ایک اور پر کا اضافہ کر لیاہے ۔ لاہور میں اپوزیشن کی جموری قوتوںکے اجلاس میں جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے متفقہ موقف نے ضرب کاری لگائی جس سے سارا ڈرامہ اور کھیل بے نقاب ہوگیاہے ۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ پاکستان اب کسی ایڈونچر اور خلاف آئین اقدامات کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انتخابات آئین کے مطابق ہی کرانا ہوںگے ۔ عبوری حکومت نئے حکمران ٹولہ کی مشاورت نہیں قومی اتفاق رائے سے قائم کرنا ہوگی ۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران نے بڑی محنت سے الیکشن کمیشن کا وقار بحال کیا ہے اب نیاحکمران ٹولہ الیکشن پر شب خون نہ مارلے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ شفاف او ر غیر جانبدارانہ نتخابات ہی پائیدار تبدیلی کا ذریعہ ہیںعوام ووٹ کی طاقت سے ہی نااہل اور عوام دشمن حکمرانوں سے انتقام لیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فائرنگ سے عورتوں بچوں سمیت بے گناہوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے: فرید احمد پراچہ
لاہور(جی پی آئی)ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں بمباری اور فائرنگ سے عورتوں بچوں سمیت بے گناہوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے ہی ملک کے عوام پر اندھا دھند فائرنگ اور بمباری سے فورسز اور عوام کے درمیان ایسی خلیج پیدا ہوتی ہے کہ جسے پاٹنا مشکل ہے اور اس طرح سے دلوں پر لگنے والے زخم کبھی مندمل نہیں ہوتے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور ایسی کاروائیاں بند کی جائیں جن سے قبائلی عوام میں عدم تحفظ کا شدید احساس جنم لے رہاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت کی بساط لپٹنے کی کہانیاں گھڑنے والے سازشی بے نقاب ہوئے ، چوہدری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے پر امن اختتام کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین نے قابل فخر مفاہمتی کردار ادا کیا ، جمہوریت کے بظاہر نام لیوائوںنے ڈاکٹر طاہر القادری اور شرکاء لانگ مارچ کو ہرزہ سرائی سے مشتعل کرکے خون خرابے کی جو سازش کی تھی وہ بری طرح ناکام ہوئی اور جیت جمہوریت اور جمہوری اقدار کی ہوئی ، گزشتہ روز انہوں نے پنجاب اسمبلی میں خسرہ کے پھیلائو او ر سرکاری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز کی 1256 خالی آسامیوں پر 2 تحریکیں بھی جمع کروائیں اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلا س کے ایجنڈے کے بارے میں ہمارے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی مذمتی قرارداد ان سازشیوں کے خلاف آنی چاہئیے جو جمہوریت کی بساط لپٹنے کی جھوٹی کہانیاں
سنا کر عوام کو گمراہ کرتے رہے ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کا سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ وہ چھوٹے بڑے اجتماعات میں کیک ایک دوسرے کے منہ پر ملنے کی بجائے سلیقے سے کھانے کی تربیت حاصل کریں ، چوہدری ظہیر الدین خاں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئین کی دفعہ 62 ، 63 پر صیح معنوں میں عمل ہو گیا تو وزیر اعظم بننے کی ” باری ” کے منتظر لیڈر انتخابی عمل سے ہی باہر ہو جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔