لاہور کی حبریں 2013.01.14

اخوت کے زیر اہتمام سروسز میڈیکل کالج کے طلبہ کا دارلسلیما نیہ( یتیم خانہ) میں دانش کدہ ، کے نام سے لائبریری کا قیام
لاہور( جی پی آئی)”اخوت ، کے زیر اہتمام سروسز میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات نے انم اعوان کی قیادت میں دارلسلیما نیہ یتیم خانہ دمیں اپنی مدد آپ کے تحت، دانش کدہ ، کے نام سے ایک لائبریری قائم کی ہے جس کا افتتاح اخوت کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر امجد ثاقب نے کیا۔اس حوالے سے گورنمنٹ سلیمانیہ ہائی سکول سمن آباد(نزد سمن آباد گرلز کالج) میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اخوت ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی ، کرنل (ر) نوید ، روبی دانیال، فوزیہ چغتائی سروسز میڈیکل کالج،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، پنجاب یونیورسٹی ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ، علامہ اقبال میڈیکل کالج ، فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور دیگر کالجز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ لائبریری میں مختلف مو ضوعات کی 700 کتابیں رکھی گئی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے جو ہمیں اچھائی اور برائی کی تمیز بتاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرکیٹیگری کی کتاب ہوتی ہے جو انسان کو ہر طرح کے ماحول میں کسی چیز کی کمی محسوس نہیں ہونے دیتی۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھے انسان کو کتابوں سے پیار اور اپنے دوست کی قدر کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنی جانب سے اس لائبریری میں مزید 100کتابیں دینے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں طلباء و طالبات میں قرأت، نعت ،کوئیز اور تقریری مقابلہ بھی ہوا اور جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
میڈیکل کا لجکا مفاد مارچ بُری طرح ناکام ہوا ہے :علامہ یوسف اعوان
لاہور (جی پی آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مر کزی چیئر مین پیر علامہ یو سف اعوان نے کہا ہے کہ طاہر القادری کامفاد مارچ بُر ی طرح ناکام ہوا ہے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام سیاسی پارٹیوں کے تعاون کے ساتھ اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت چلا رہے ہیں جبکہ مفاد مارچ کے لیڈز طاہر القادری نے عوام کو گمراہ کر تے ہو ئے عوامی مینڈیٹ کی تو ہین کی ہے انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب علامہ طاہر القادی اپنے ملک کینڈا واپس چلے جاین گے اور عوام اُن کی طرف دیکھے گی انہوں نے کہا کہ محب وطنی یہ تھی کہ علامہ جی کینڈین شہریت کا خاتمہ کر کے وطن واپس آتے انہوں نے کہا کہ دینی کئی معملات میں علامہ ڈاکٹر قادری کے بیانات میں ہی اتنا فرق ہے جتنا پاکستان اور کینڈا کے راستے کا ہوانہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی اُمنگوں کے مطابق فیصلے کئے ہیں اور آئندہ بھی عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خدمت گروپ کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد
لاہور(جی پی آئی) ربیع الاوّل کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر میں محافل میلاد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خدمت گروپ کے چیئرمین حاجی پرویزاکرم کی جانب سے بھی ظفر بینکوئٹ ہال میں گذشتہ روز اسی سلسلے میں ایک شاندار اور پرُ نور محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت الحاج عمر شفیق بٹ نے کی۔ جبکہ مہمانان گرامی میں حاجی بائو حنیف، حاجی شاہد مقصود بٹ، محمد اقبال چودھری، محمد شفیق چودھری، حاجی زاہد مقصود بٹ، حمید اللہ بھٹی اور حاجی محمد رفیق شامل تھے۔ محفل میلاد میں ملک کے معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی، وحید احمد چشتی، قاری کامران، قاری شہزاد احمد، حسنین اکرم، حافظ محمد امین اچھروی اور حافظ عمران قادری نے سرکار دو عالم صلی عیلہ اللہ والہ وسلم کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محفل میلاد کے اختتام پر خدمت گروپ کے چیئرمین حاجی پرویز اکرم کی طرف سے خاتون سمیت 5 خوش نصیبوں کو عمرے کے ٹکٹ دئیے گئے جبکہ اقبال چودھری سمیت پانچ خوش نصیبوں میں منتظمین محفل میلاد کی جانب سے خانہ کعبہ اور روضہ رسولصلی عیلہ اللہ والہ وسلم کی بڑی بڑی تصاویر والے 5 بڑے سونیئر پیش کیے گئے جن میں خانہ کعبہ اور روضہ رسولصلی عیلہ اللہ والہ وسلم کے غلاف کے ٹکڑے بھی شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت بنائی جائے :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان میں ایک ایسے گرینڈ الائنس کی ضرورت ہے جو پاکستان سے انتخابات کے فرار کے راستے کو بند کردے ۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں ناکام ہو گئی ہیں ۔ صدر زرداری کی سربراہی میں اتحادی حکمران جماعتیں ملک و قوم کے وسائل لوٹنے میں مصروف ہیں ۔ نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے اور قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت بنائی جائے ۔ قوم انتخابات کی طرف جارہی ہے اور شیخ الاسلام نہ جانے کدھر جارہے ہیں ۔ بلوچستان میں ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا جس میں کوئی انسانی حس نہیں تھی ۔ قاضی حسین احمد ، پروفیسر غفور احمد کے انتقال کو پوری ملت نے اپنا دکھ تسلیم کیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے آئندہ انتخابات کے لیے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیاہے ۔ قانون کے مطابق انتخابی نشان ” ترازو ” جماعت اسلامی کا حق ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ اب قوم کی جان چھوڑ یں کیونکہ یہ اتحادی گرپٹ ٹولہ خود تو قومی وسائل لوٹ رہاہے جبکہ عوام کے چولہے ٹھنڈے ، صنعت ، تجارت اور زراعت تباہ ہو گئی ہے ۔ عوام کے لیے یوٹیلٹی بلز ادا کرنا ممکن نہیں رہا۔ سی این جی ، پٹرولیم مصنوعات کی عارضی قلت کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے انتظامی معاملات میں فوج ، عدالت ، سول بیوروکریسی ، پارلیمنٹ سیاست کے لیے ہر ایک کا الگ الگ دائرہ کار متعین ہے لیکن حکمران طبقہ کے اندر جمہوری سیاسی نظام نہیں بلکہ مال و دولت کی بنیاد پر اقتدار پر قابض ہیں اس لیے یہ جمہوریت کو پنپنے نہیں دیتے ۔ انہوں نے کہاکہ کون کہتاہے کہ آئین کی دفعہ 62-63 شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات نہیں ہونے چاہئیں۔ چیف الیکشن کمشنر سب جماعتوں کی باہمی رضا مندی سے مقرر ہواہے ۔ الیکشن کمیشن کے ممبران کا بھی کردار شفاف ہے ۔ جماعت اسلامی کا تو عبوری حکومت کے لیے جسٹس (ر)ناصر اسلم زاہد ، جسٹس (ر) شاکر اللہ جان کے نام پر نگران وزیراعظم کے لیے اتفاق ہے اگر حکومت اوراپوزیشن کو ئی دوسرا نام تجویز کرنا چاہتی ہے تو اسے پارلیمنٹ سے باہر بیٹھی اپوزیشن جماعتوں کیساتھ بھی رابطہ کرناچاہیے تاکہ قومی اتفاق رائے سے عبوری سیٹ اپ تشکیل دیا جاسکے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم کو کوئی حقیقی مینڈیٹ حاصل نہیں ہے ۔ ٹھپہ سیاست اپنی مرضی کی ووٹر لسٹیں ، پولنگ اسٹیشنز پر قبضے اور اپنی مرضی کا عملہ تعینات کروا کر اہل کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالتی ہے ۔ کراچی میں اینٹی ایم کیو ایم اتحاد تشکیل پاناچاہیے ۔ سندھ میں عوام آصف علی زرداری سے نفرت کرتے ہیں لہٰذا سندھ میں اینٹی پیپلز پارٹی اتحاد ناگزیر ہے ۔ بلوچستان میں وہ پارٹیاں جو اے پی ڈی ایم میں شامل تھیں ، بلوچستان کا تابناک مستقبل ہیں جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں دینی جماعتوں کے ووٹر طاقتور ہیں ، لہٰذا ہم قومی سطح پر ایسی حکمت عملی اپنائیں گے جس سے جماعت اسلامی کی پارلیمنٹ میں پارلیمانی طاقت بھی بڑھے ۔ انہوں نے کہابھارتی آرمی چیف کی جانب سے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سرے سے کوئی واقعہ نہ ہونے کے باوجود الٹا پاکستان پر الزام تراشی چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دینے کے لیے بے چین ہمارے حکمرانوں کی اب تو آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔ قومی مطالبہ ہے کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک ہر قسم کے تعلقات ختم کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا ملک لیاقت کے بہنوئی کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے دن میڈیا گروپ کے ایڈمنسٹریٹر ملک لیاقت کے بہنوئی ملک معظم کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔
قاضی حسین احمد کے انتقال پر تعزیتی اجتماعات اور دعائے مغفرت کا سلسلہ جاری ہے

لاہور(جی پی آئی)دنیا بھر میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کے انتقال پر تعزیتی اجتماعات اور دعائے مغفرت کا سلسلہ جاری ہے ۔افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ممتاز ہوٹل میں تعزیتی ریفرینس کا انعقاد کیا گیا جس میں افغانستان کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات اور مجاہدین کے نمائندوں نے شرکت اور قاضی حسین احمد کی افغان جہاد اور اتحاد امت کیلئے خدمات کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔دریں اثنا ء رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر محمد جمیل الخیاط ،تیونس کی حکمران پارٹی کے سربراہ اور اسلامی تحریک کے صدر راشد الغنوشی اور یمن کے معروف شیخ عبدالمجید زندانی نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کو فون کرکے قاضی حسین احمد کے انتقال پر تعزیت کی۔جامع مسجد محافظ ٹائون لاہور میں قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفوراحمد کے لئے مغفرت کی اجتماعی دعا کی گئی ،جامع مسجد کے امام اور خطیب مولانا حافظ قاری محمد قاسم نے اس موقع پر قاضی حسین احمد کی اتحاد عالم اسلامی کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ ایک انتہائی مدبر اور درد دل رکھنے والے راہنماء سے محروم ہوگئی ہے ۔اس موقع پر سابق سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان صفدر چوہدری بھی موجود تھے دعائیہ اجتماع میں علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی گیس ، سی این جی کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافوں کو واپس لیا جائے ڈاکٹر فرید پراچہ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ مظلوم عوام اپنے بے گناہوں کی لاشیں اٹھانے میں لگے ہیں جبکہ بے حس حکمرانوں کو بجلی و گیس کے نرخ بڑھانے کی پڑی ہے ۔ عوام تو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں ان کے لیے تین روپے فی یونٹ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ 4 ہزار وولٹ کرنٹ کے جھٹکے کے متراد ف ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ ان حکمرانوں نے عوام کے پاس چھوڑا ہی کیا ہے کہ اب وہ ان کی خالی جیبوں سے مزید پیسے نکلوانے کے چکر میں ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ بجلی گیس ، سی این جی کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافوں کو واپس لیا جائے اور حکمران اپنے اقتدار کے خاتمے کے موقع پر عوام پر آخری ڈرون حملے کرنے سے باز رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کو مافیاز نے گھیر رکھا ہے:علامہ راجہ ناصر عباس
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے کوئٹہ سے لاہور دھرنے کے شرکا سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم کو استقامت کی داد دیتے ہوئے پوری قوم کی عظمت کو سلام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کوئٹہ سے یک جہتی کے لئے آنے والے میرے بھائی اور دھرنے میں بیٹھی رہنے والی میری مائیں اور بہنیں میں آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے شہدا کوئٹہ کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے مطالبات کی منظوری تک اپنے پیاروں کو سپردخاک کرنے سے انکار کر دیا۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملت تشیع کی استقامت کے باعث آج پوری قوم سرخرو ہوئی ہے اور ملی جذبے کی بدولت بے حس رئیسانی حکومت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ اگر ملت تشیع کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پھر دھرنوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فوج کوئٹہ میں آ کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرئے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حسینی عزم کے ساتھ میدان عمل ہے اور یزید وقت کے خلاف ہم ہمیشہ سینہ سپر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ یزیدی نظام کے خلاف ہم علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے یزیدی نظام کے خاتمہ تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ تمام رکاٹیں توڑ کر علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ میں شرکت کریں۔علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو مافیاز نے گھیر رکھا ہے اور ہم ان مافیاز سے ملک کو نجات دلانے کے لئے نکلے ہیں اور علامہ طاہرالقادری کی حمایت کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم ان مافیاز سے ملک کو چھڑائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وحدت کے دائرہ کو بڑھائیں گے، پوری شیعہ قوم متحد ہے اور اہلسنت برادران بھی ہمارے ساتھ ہیں ہم مزید مسلم مکاتب فکر سے اپنے تعلقات بہتر بنا کر ملک دشمن گروہ کا ناطقہ بند کر دیں گے۔علامہ ناصر عبا س نے کہا کہ پورے ملک میں استقامت کیساتھ دھرنے دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اپنے مطالبات منظور ہونے پر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکا نے لبیک یاحسین کی صداں سے گورنر ہاس پر لرزہ طاری کر دیا۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے دھرنے کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملت تشیع کی استقامت کی بدولت آج ہم فتح یاب ہوئے ہیں اور انشا اللہ آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع متحد ہے اور الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین نے تمام مومنین کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا ہے۔علامہ اسدی نے کہا کہ مجلس وحدت کوئی الگ جماعت نہیں بلکہ ملت تشیع کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جس پر تمام شیعہ جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے بہنوں اور بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لبیک کہا اور دھرنے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان بار کونسل، لاہور پریس کلب، آل پاکستان انجمن تاجران، جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل، پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، دینی مدارس، مساجد کے خطبا حضرات، ماتمی انجمنوں، پولیس اہلکاروں اور ڈی سی او لاہور ،پاکستان کی امید آزاد میڈیا سمیت تمام ان افراد اور اداروں کا مشکور ہوں جنہوں نے دھرنے کے ان ایام میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان بیدار ہے اور جو حکمران کسی غلط فہمی میں مبتلا ہیں وہ جان لیں کہ ملت تشیع نے پرامن احتجاج کر کے بغیر کسی توڑ پھوڑ اور جلا گھیرا کے ثابت کر دیا کہ ہم نے ہی پاکستان بنایا تھا اور اس کے حقیقی محافظ بھی ہم ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع اب بھی متحد ہے اور ہمیشہ اسی اتحاد کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اگر کسی شیعہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تو یہ قوم پھر سٹرکوں پر ہو گی اور پورے ملک کا سسٹم جام کر کے حکومتی ایوانوں پر قبضہ کر لے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کیئرٹیکرسیٹ اپ سے پہلے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرےـ سینیٹر پرویز رشید
لاہور(جی پی آئی)سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کیئر ٹیکر سیٹ اپ سے پہلے ضروری ہے کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دے ـ رائے ونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد حکومت کو آئین کے مطابق کیئر ٹیکر سیٹ اپ کے متعلق لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دی ہائوس ، دونوں کے مشورے سے نگران وزیر اعظم کا اعلان کرنا چاہیےـ آئین کا تقاضا یہی ہے اور آئین کے تقاضوں کو پورا ہونا چاہیےـ اس سوال پر کہ مسلم لیگ (ن) کو اس حوالے سے اسمبلی سے باہرسیاسی جماعتوںسے رابطے پر کوئی اعتراض تو نہیں ، سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تومشاورت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہےـالیکشن کمیشن کے اراکین کی نامزدگی کے وقت بھی لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری نثار نے ان تمام سیاسی جماعتوں سے جو پارلیمنٹ کا حصہ بھی نہیں ہیں ‘ مشاورت کی تھیـ انہوں نے کہا کہ اب بھی لیڈر آف دی اپوزیشن یہ مشاورت ضرور کریں گے اور جب نام تجویز کئے جائیں گے تو الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں سے مشورہ کیاجائے گاـایک سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ میں صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی رائے شامل نہیں ـنواز شریف صاحب کو بلوچستان میں گورنر راج کے متعلق صرف اطلاع دی گئیـانہوں نے مزید کہا کہ دیکھا جائے گا کہ گورنر راج کے اثرات کیا ہوتے ہیںـبلوچستان میں گورنرراج کی حمایت کرتے ہیں نہ مخالفت کرتے ہیںـ
۔۔۔۔۔۔۔
ہزارہ برادری پر ظلم کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔یاسر گیلانی
لاہو (جی پی آئی) پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے NA-118کے مرکزی دفتر میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اہل تشیہہ بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔گورنمنٹ نا اہل، بے شرم اور بے حس ہو گئی ہے۔ بلوچستان حکومت کے بعد وفاقی حکومت کو بھی اپنی نا اہلی کی وجہ سے تحلیل ہو جانا چاہئے۔ اس وقت ملک کو کسی نیوٹرل سیٹ اپ کی ضرورت ہے۔ابھی بھی حکمرانوں نے ہوش کے نا خن نہ لئے تو وہ وقت دور نہیں جب انکو گلیوں میں گھسیٹا جائے گا۔ اس موقع پر محمد امجد،ملک مصباح،عبدالمنان،میاں مبشر،شاہد منظور،گولا بٹ،عاصم ورک ایڈووکیٹ،رانا غفران،عاصم ریاض مغل،ابوبکر عظیم و عمر دراز نے بھی کوئٹہ سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی زیرصدارت ایک محکمانہ میٹنگ کا انعقاد ہو
لاہور(جی پی آئی)محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبہ جات کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے لیے محمدعرفان الہٰی سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی زیرصدارت ایک محکمانہ میٹنگ کاانعقادہواجس میں محکمہ کے جاری اورنئے منصوبہ جات کی سرگرمیوںکاجائزہ لیاگیا۔ رواںمالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ کو1650ملین روپے مختص ہوئے جس سے جاری کئے گئے فنڈز میں سے مجموعی طورپر53 فیصد استعمال ہوچکے ہیں۔ اس میٹنگ میں ڈاکٹرظفرجمیل گِل ڈائریکٹرجنرل (ریسرچ)نے جانوروںکومنہ کھرکی بیماری سے محفوظ رکھنے کی غرض سے حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کے لیے منصوبہ کاPC-II پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس منصوبہ کی فزیبلٹی پر 29ملین روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے جسے ترکی کے ماہرین کی زیرِسرپرستی مکمل کیاجائے گاـجس پر محمدعرفان الہٰی سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہاکہ انہیں اس تخمینے کے اعدادوشماراورتفصیل سے آگاہ کیاجائے۔ اس کے بعد ڈاکٹرشبیرشاہد ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر ڈائریکٹر جنرل آفس نے ایکسٹینشن ونگ کے تحت جاری منصوبہ جات کی تفصیلات بتائیں۔ جانوروں میں افزائش نسل کی بہتری کے لیے جاری منصوبہ جات کے فنڈز کے اخراجات کم ہونے پرمحمدعرفان الہٰی سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نے کہاکہ اس کی کارکردگی کوبہترکیاجائے اورتشخیصی لیبارٹری میں استعمال ہونے والے آلات کی خرید کے عمل کومکمل کیاجائے ـانہوںنے مزید کہاکہ اس منصوبہ کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے لیے دوبارہ 15دن بعدمیٹنگ بلائی جائے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میںمظفرگڑھ اورڈیرہ غازی خان میں بھیڑبکریوںکی بہترافزائش کے لیے جاری منصوبہ کی کارکردگی کابھی جائزہ لیاگیااوراس سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہاکہ منصوبہ سے مستفید ہونے والے بریڈرزکے بارے میں معلومات اورانہیں نسل کشی کے لیے فراہم کئے جانے والے نربکرے ،چھترے اوران سے واپس لیے جانے والے جانوروںکی تفصیلات بھی 15دن میںپیش کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گوشت کی پیداوارمیں اضافہ کے لئے پنجاب ایگریکلچراینڈمیٹ کمپنی(پیمکو) کے ذریعے جاری منصوبہ کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں اورچیف ایگزیکٹوآفیسرپیمکوسے اس منصوبہ کی ناقص کارکردگی کی وضاحت بھی طلب کی گئی اورہدایت کی گئی کہ اس منصوبے کواحسن طریقے سے زیرِعمل لانے کے لیے جامع پلان پیش کیاجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
نشے کے عادی افراد کو مجرم نہیں ، مریض سمجھا جائے:محمد الطاف قمر
لاہور(جی پی آئی)پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈرگ فری سٹی لاہور پراجیکٹ محمد الطاف قمر نے کہا ہے کہ لاہور کو نشے سے پاک کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات فروشوں کے ساتھ سختی سے نمٹ رہے ہیں لیکن اس مقدس مشن کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے میں ” نشے سے بیزاری ” کا کلچر آگے بڑھایا جائے ـفلاحی تنظیم ” اخوت ” کے فلاح کاروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے موقع پر ڈرگ فری سٹی پراجیکٹ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد الطاف قمر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں جرم کی بجائے مجرم سے نفرت کا سماجی رویہ ہر جگہ غالب ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ نشے کے عادی افراد کو مجرم نہیں ، مریض سمجھا جائے اور لاتعلقی اختیار کرنے کی بجائے ہمیں نشے کی بیماری سے نجات پانے میں انہیں رہنمائی فراہم کرنے کا رویہ اپنا ہو گا کیونکہ یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں نشے کے عادی قابل رحم افراد کے علاج اور بحالی میں مالی و تکنیکی معاونت کے حوالے سے فلاحی تنظیم ، اخوت ” کے ساتھ اشتراک عمل کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اس موقع پر منشیات کے استعمال اور طلب میں کمی لانے کے لئے ہر سطح پر آگاہی مہم کو توسیع دینے کے علاوہ نشے کے عادی افراد کے مناسب علاج کے لئے خصوصی مراکز کے قیام پر ترجیحی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور پیشکش کی کہ ، اخوت ، کی جانب سے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ترک منشیات سنٹر کے قیام میں ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ اس سنٹر میں نشے کے عادی مریضوں کی ڈی ٹاکسی فیکیشن (Detoxification) کے علاوہ سماجی بحالی (Rehabilitation) کا جدید ترین اور معیاری بندوبست بھی موجود ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نشے کے مریضوں کو بے روزگاری اور سماجی لاتعلقی کی اذیت سے محفوظ رکھا جا سکے گا تاکہ وہ نفسیاتی الجھنوں سے دلبرداشتہ ہو کر دوبارہ نشے کی لعنت میں مبتلا ہونے سے بچ جائیں۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کی مہم میں نوجوانوں کی آگاہی کے لئے مختلف پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے رضا کاروں کی کوشش کو بہت بڑا کارخیر قرار دیا اور کہا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے والی فلاحی تنظیمیں خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈرگ فری سٹی لاہور نے اس موقع پر بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران منشیات کے خلاف شعور کی بیداری کے سلسلے میں خصوصی مہم کے تحت لاہور میں 131 تقریبات منعقد کی گئیں جن میں سیمینارز ، لیکچرز ، تقریری مقابلے ، واک ، ریلیاں ، ٹاک شوز ، خصوصی سٹیج پلے ، اور باڈی بلڈنگ مقابلوںکے علاوہ منشیات کے خلاف بروشرز کی وسیع پیمانے پر تقسیم شامل ہےـانہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور میں منشیات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف اینٹی نار کوٹکس فورس کی 364ـانفورسمنٹ کارروائیوں میں 395 منشیات فروش پکڑے گئے جن کے قبضے سے مجموعی طو رپر 38 کلو گرام ہیرؤئن ، ساڑھے ستاسی کلو گرام چرس ، آدھا کلو افیون اور شراب کی 6394 بوتلیں برآمد کر کے ضبط کر لی گئی ہیں اور گرفتار کئے گئے ملزمان کے خلاف چالان تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچائے جا رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بیگم ذکیہ شاہنواز 16جنوری کو جینڈر کے زیر اہتما م مین سٹریمنگ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کریں گی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز 16جنوری صبح 11بجے جینڈر ریفارم ایکشن پلان کے زیر اہتما م مین سٹریمنگ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کریں گی۔ یہ میٹنگ -8کلب روڈ ، جی اوآر ون کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی۔ اس میٹنگ کے ممبران میں سیکرٹری ترقی خواتین ارم بخاری کے علاوہ لاء ، ہوم،ایجوکیشن، ہیلتھ ، فنانس ایس اینڈ جی اے ڈی، پی اینڈ ڈی کے محکموں کے سیکرٹری صاحبان /نمائندے پی سی گریپ و دیگر افسران بھی شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے دوبارہ دھرنے کااعلان کرسکتے ہیں:آصف علی زیدی
لاہور(جی پی آئی) شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر شیعہ جماعتوںنے اپنے مطالبات پورے ہونے پر45گھنٹے تک جاری رہنے والا دھرنا گزشتہ روز ختم کردیا ،اس موقع پرشیعہ علماء کونسل لاہور کے صدر آصف علی زیدی نے کہاکہ یہ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ وہ فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کوتحفظ فراہم کرے ورنہ پھرہر گلی میں دھرنا ہوگا ،پرامن احتجاج ہماراحق ہے اوراس حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ،پنجاب حکومت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہیں کررہی ،ہم اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، امام بارگاہ خلیفہ شیخ دولت علی پر ہونے والے سانحہ کے ملزمان آزاد پھرر ہے ہیں ، دہشت گردوںکو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے،دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کسی بھی وقت دوبارہ دھرنے کااعلان کرسکتے ہیں،مجلس وحد ت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا عبد الخالق اسد ی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پوری شیعہ قوم متحد ہے،شیعوں کے حقو ق کا ہر ممکن تحفظ کریں گے ،دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں،مظاہرین نے لبیک یاحسین ،لیبک یاحسین کے نعرے لگائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینئر مشیر سردار ذوالفقار کھوسہ سے برٹش ہائی کمیشن کے وفد کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی)سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے قائم مقام فرسٹ سیکرٹری مارک پاور (M.r Mark Power) کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے 90 شاہراہ قائد اعظم پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر ہیڈ آف پراجیکٹس مارک کیرو (Mr.Mrak Carrow) اور برٹش ہائی کمیشن کے مشیر منظر زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب کو وفد کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف پنجاب پولیس اور پنجاب پراسیکیوشن میں اصلاحات اور استعداد کار کو بڑھانے کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا اوردیگر با ہمی دلچسپی کے امو ربھی زیر بحث آئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم جیسی ذہین بیٹیاں ملک کیلئے امید کی کرن ہیں: شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم پاکستان کی ہونہار، ذہین اور قابل ترین بیٹی تھی۔ ارفع کریم نے انتہائی کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میںروشن کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ارفع کریم جیسی ذہین بیٹیاں ملک کیلئے امید کی کرن ہیں۔ اگرچہ آج ارفع کریم ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن پنجاب حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے ان کا مشن آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے خاطرخواہ اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب بھر کے ہائی سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز کا قیام اور طلبا میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جبکہ پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کو ارفع کریم کے نام سے منسوب کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
جب تک قرآن کا نظام نافذ نہیں ہوگا پاکستان خود مختار نہیں بن سکتا:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ امریکہ مسلمانوںاور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہے۔2004میںبرطانیہ نے سرکاری طور پر تسلیم کیا ہے کہ عراق میںاب تک ایک لاکھ سے زائد شہری مارے گئے جبکہ اس کے بعد سے اب تک اعدادوشمار جاری کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی گئی۔برٹش اوپینین ریسرچ بزنس کے سروے کے مطابق پندرہ لاکھ تک عراقی شہری ہلاک ہوچکے ہیںجبکہ برائون یونیورسٹی کے واٹسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے مطابق دونوں جنگوں پر44سوارب ڈالر کے اخراجات نے امریکی معیشت کو16ہزار ارب ڈالر کا مقروض کردیا ہے۔ امریکہ کے حلیف ہونے کے باوجود پاکستان کی سلامتی کا سوال اٹھ رہا ہے۔ ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تباہ ہونے سے بچاسکے۔انہوںنے کہاکہ عوامی تائیداور اللہ کی جانب سے فتح کی بشارت تبھی حاصل ہوگی جب حکمران امریکہ سے ناطہ توڑ کر اﷲ سے ناطہ جوڑیں گے۔ملک کی سب سے بڑی خرابی اور بد نصیبی یہ ہے کہ وہ لوگ ہم پر مسلط ہوگئے ہیں جو ملک کے مفادکو عزیز رکھنے کی بجائے امریکی مصلحت کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ہماری زندگی کا مقصد اﷲ رب العزت کی بندگی اور رسولۖ کی سنتوں پر عمل کرنا ہے۔ قرآن پاک میں جو نظام بتایا گیا ہے وہی انصاف پر مبنی ہے۔ جب تک قرآن کا نظام اس ملک میں نافذ نہیں ہوگا عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوسکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان حقیقی معنوں میں خودمختار بن سکتا ہے۔ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے سعی کرنا ہوگی اور اس کے لئے سب سے پہلے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ سے پیچھا چھڑانا ہوگا۔محض چند ڈالروں کے عوض سیاسی و عسکری قیادت اپنے ہی لوگوں کے خلاف مورچہ زن ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے،اس کے پاکستان میں دو مقاصد ہیں ۔ ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہ ہونے دینا۔ ہمارا دشمن ہمیں تہہ و بالا کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔ ملک قائم ودائم ہے تو سب کچھ ہے۔ موجودہ فرسودہ نظام کو درست کرنا ہوگا۔ملکی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہوچکا ہے۔ ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت اگر کوئی جماعت بھر پو رانداز میں امریکی نام نہاد جنگ کے خلاف کھڑی ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے اور وہ امریکی ایجنڈے کو یہاں نافذ کر نا چاہتا ہے۔ اس گھنائونی سازش میں کئی غیر ملکی فنڈز پرچلنے والی نام نہاد این جی اوز بھی شامل ہیں۔ اچھی اور نیک صالح قیادت ہی ملک میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
دنیا کاکوئی بھی قانون توہین مذاہب کی اجازت نہیں دیتا:جماعت اسلامی پنجاب

لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکے برداشت نہیں کیے جاسکتے۔شان رسالتۖپر حملے کیے جارہے ہیں جوکہ قابل مذمت ہیں۔امت مسلمہ کو متحد ہوکر کفار کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔آزادیٔ رائے کی آڑمیں کسی کی دل آزاری بالخصوص انبیاء کرام کی توہین کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔دنیا کے تمام مسلمان ممالک فرانس کا معاشی بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کی طرف سے توہین رسالتۖ قوانین پر نرم رویے کے باعث ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی جاسکی جس کے نتیجے میں گستاخانہ کلچر کی عالمی سطح پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔گستاخانہ فلم کی بدترین حرکت کے بعد، چارلی ہیڈو”کی کتاب امت مسلمہ کے جذبات کو مجروع کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سفارتی سطح پر معاملے کو اٹھایا جائے۔حکومت فرانس متنازعہ کتاب اور اس کے لکھاری کو قرار واقعی سزادے۔دنیا کا کوئی بھی قانون توہین مذاہب کی اجازت نہیں دیتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری سے متعلق وضاحت کرے، چودھری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی نج کاری سے متعلق ینگ ڈاکٹرز نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے پنجاب حکومت فی الفور اس کی وضاحت کرے۔ حکمران اچھی طرح سمجھ لیں ،ہسپتالوں کی نجکاری جیسے غریب دشمن اقدام کو کسی طوربرداشت نہیں کیا جائے گا۔ مفت اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ، جس میں وہ بری طرح ناکام رہی ۔ صحت پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے مریض اور ڈاکٹرز دونوں پریشان ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں انہوں نے عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال پنجاب کے حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے مریض دشمن بنے، ینگ ڈاکٹرز حکومت کی ناکامی کا ملبہ اپنے سر مت گرائیں۔ حالات جیسے بھی ہوں مریضوںکے ساتھ علاج اور ہمدردی کا رشتہ ٹوٹنے نہ دیں،پوری قوم ان کے جائز مطالبات کے ساتھ ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کا غیر ترقیاتی بجٹ 30 جون کے دن بھی ختم نہیں ہوتامگر ہسپتالو ں کا بجٹ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے اندر اندر ختم ہو جاتا ہے اور ہسپتال ڈسپرین اور پیناڈول بھی خریدنے کے قابل نہیں رہتے۔ پنجاب کی اس خادم حکومت نے خدمت کے علاوہ باقی ہر کام کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوری نظام کو تیس نیس کرنے کا منصوبہ بنانے والوں کو مایوسی ہو گی :چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو تیس نیس کرنے کا منصوبہ بنانے والوں کو مایوسی ہو گی ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام اس نظام کی محافظ ہے اور اسی نظام سے ہی ملک ترقی کرتا ہے اگر کسی کو اس نظام سے اختلاف ہے تو وہ آئینی راستہ اختیار کر غیر آئینی اقدامات کی کوئی حمایت نہیں کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی شعبدہ بازوں کی جماعت بن گئی ہے : ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیاسمین رانا نے کہا ہے کہ کرشمہ بازی اور شعبدہ بازی سے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی شعبدہ بازوں کی جماعت بن گئی ہے،اس جماعت کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے ،یہ جماعت ہرروز نیا وعدہ کرتی ہے مگر اسے فراموش کردیتی ہے ،لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا باربار اعلان کرنے والے بتائیں کہ ابھی تک لوڈ شیڈنگ ختم کیوں نہیں ہوئی ،لوڈ شیڈنگ توکیا ختم ہونا تھی اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،کرشمہ سازی دیکھانے کا دعوی کرنے والے بتائیں کہ اب تک عوام کا کونسا مسئلہ حل ہوا ہے ،یہاں تو سب جھوٹ چل رہا ہے ،عوام سے اتنے جھوٹ بولے گئے ہیں کہ وہ پیپلزپارٹی کے قائدین کی کسی بات پر اعتبار کرنے کوتیا ر نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی حکومت کئی اہم منصوبوں میں پنجاب کونظر انداز کررہی ہے : رانا تنویر ناصر

لاہور( جی پی آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کئی اہم منصوبوں میں پنجاب کونظر انداز کررہی ہے ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مائوں اور بچوں کی غذائی کمی دور کرنے کا پروگرام پورے ملک میں شروع کیا گیا ہے مگر پنجاب کونظر انداز کیا گیا ہے ، پنجاب کے عوام وفاقی حکومت سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ پاکستانی نہیں ہیں کیا ملک کے وسائل پران کاحق نہیں ہے ،ان کے ساتھ ہمیشہ کیوں ناانصافی ہوتی ،پنجاب کے عوام ایک طرف حکومت پنجاب کی مثالی کارکردگی کی تعریف کررہے ہیں تو دوسری طرف وفاقی حکومت کو تنقید کانشانہ بنائے ہوئے ہیں ، پنجاب ملک کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ،یہاں کے وسائل ملک بھر میں استعمال کئے جارہے ہیں مگر وفاقی حکومت کا اسے نظر انداز کرناسمجھ سے بالاتر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔