لاہور کی خبریں (جی پی آئی)11-01-2013

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا عباس شریف کے انتقال پر اظہار رنج و غم

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے چھوٹے بھائی میاں عباس شریف کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔

چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پرچودھری سرفراز رشید مسلم لیگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری مقر رنوٹیفکیشن جاری
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پرمسلم لیگ میں بہترین خدمات پر چودھری سرفراز رشید کو مسلم لیگ پنجاب کا جوائینٹ سیکرٹری مقرر کیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں ایک تقریب میں چودھری ظہیرالدین نے انہیں نوٹیفکیشن دیا اور توقع ظاہر کی کہ چودھری سرفراز رشید اپنی نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالے سے پہلے سے بڑھ کر مستعدی اور دلجمعی سے کام کرینگے اور پاکستان مسلم لیگ کی قابل فخر سیاسی و اخلاقی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے رواداری، اعتدال پسندی، برداشت اور بردباری جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ اور وطن عزیز میں مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاسی، جمہوری و اقتصادی استحکام کے لیے اپنی ملی، قومی و تنظیمی ذمہ داریاں پوری کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔

فدایان ختم نبوت کے دفتر راوی روڈ میں علمائے اہلسنت کا اہم اجلاس ہوا
لاہور( جی پی آئی) فدایان ختم نبوت کے دفتر راوی روڈ میں علمائے اہلسنت کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہلسنت وجماعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جس میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جلوس و سیکیورٹی کے انتظا مات کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کوحتمی شکل دی گئی۔ بانی ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ گستاخانہ فلم پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے فرانس میں چارلی ھیڈو کی گستاخانہ کتا ب منظر عام پر لائی گئی ۔ اس سلسلہ میں مغرب سے ڈائیلاگ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ کیونکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ۔بین الاقوامی سطح پر ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں قانون سازی کیلئے مسلم حکمران کچھ نہیں کروا سکے ۔ فدا یان ختم نبوت کے امیر شیخ الحدیث مولانا خادم حسین رضوی نے کہا کہ توہین رسالت کے مسلسل واقعات کو روکنے کیلئے امت مسلمہ میں جذبہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مزید اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔موجودہ حالات میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر ظلم و ستم سہنے کی بہترین مثال غازی ملک ممتاز حسین قادری کی ذات ہے ۔جنھوں نے اپنی زندگی ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پہرے کی خاطر وقف کر دی ۔جیل میں ان کا ایک ایک دن حکمرانوں کیلئے بھاری ہورہا ہے ۔ ہماری صحافت کو غازی ملک ممتاز حسین قادری کا یوں ہی ساتھ دیناچاہیے جیسے غازی علم الدین شہید کے عہد کی صحافت نے ان کا ساتھ دیا تھا ۔جیل میں ان کی اسیری کے دو سال مکمل ہو جانے پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کیلئے 13 جنوری کو ریگل چوک سے گورنر ہائوس تک تحفظ ناموس رسالت ریلی نکالی جائے گی ۔ ریلی کے انتظامات کو مکمل کر لیا گیا۔ نیز فرانس سے چھپنے والی توہین رسالت پر مشتمل کتاب کے خلاف جذبات کا اظہار کیا جائے گا۔ریلی کے اختتام پر طاہر القادری کو ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مسئلہ پر 4 جنوری کوجو مناظرہ کا چیلنج کیاگیا ہے اس سلسلہ میںاسکو شرعی طور پر راہ راست پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک طرف عوام کا خون ہورہا ہے دوسری طرف جمہوریت کا خون کرنے کے لیے لانگ مارچ کیا جارہا ہے۔ پروفیسر ساجد میر

لاہور(جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ علامہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لیے بیرونی ہاتھ توڑنا ہو نگے۔ دہشت گرد ی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔خطے میں قیام امن کے لیے امریکی افواج کا انخلا ناگزیر ہے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طرف عوام کا خون ہورہا ہے دوسری طرف جمہوریت کا خون کرنے کے لیے لانگ مارچ کیا جارہا ہے۔نظام کی خرابیاں مضبوط جمہوریت سے ہی دور ہوں گی۔ پروفیسر ساجد میر نے بھارتی فوج کی طرف سے پاک فوج کے جوانوں پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے بغیر پاکستان اور بھارت میں ایسے ناخوشگوار واقعات اور تلخی ہمہ وقت جاری رہے گی۔ بھارت کے ساتھ اعتماد سازی کے یکطرفہ اقدامات لاحاصل رہیں گے مذاکرات کو بھارت نے ایک مذاق کھیل اور تماشا بنا رکھا ہے۔مسئلہ کشمیر حقیقت میں دو ایٹمی ہتھیار سے لیس ممالک کے درمیان دنیا کا سب سے خطرناک تنازعہ ہے۔ خطے کے امن کیلئے لازم ہے کہ تنازعہ کا حل دونوں ممالک کے مابین تسلیم شدہ یو این کی قرارداد کے مطابق کرایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منشیات سے پاک لاہور ہم سب کا عزم ہونا چاہے۔شہزاد انجم بیگ
لاہور (جی پی آئی)منشیات سے پاک لاہور ہم سب کا عزم ہونا چاہے ان خیالات کا اظہار صدر سیف چائلڈ فائونڈیشن شہزاد انجم بیگ نے مرکزی آفس سیف چائلڈ میںبلائے گئے سالانہ اجلاس میں ممبران اور لوگوں سے اپنی گفتگوکے دوران کیا۔انہوں نے کہ کہ سیف چائلڈ فائونڈیشن آج کی عوام اور نوجوان نسل کو منشیات کی دلدل سے بچانے کے لیئے مکمل عزم کے ساتھ شعور اور آگاہی فراہم کر رہی ہے کیونکہ نوجوان نسل ہمارے ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں اس لیئے منشیات سے پاک لاہور پورے لاہور کی عوام کاعزم ہونا چاہے اور وفاقی و صوبائی حکومت کا منصوبہ ڈرگ فری سٹی لاہور پروجیکٹ عوام اور بالخصوص آج کی نوجوان نسل کو منشیات کے خلاف شعور اجاگر ہونے تک جاری رہنا چاہے کیونکہ آج کے بچے ہی کل کا پاکستان ہیں ان کی حفاظت دراصل پاکستان کی حفاظت ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل کو لازمی مضمون قرار دینا چاہے اور سکول میں کھیلوں کے خصوصی پروگرامز کے انعقاد پر منشیات کی طلب میں کمی لائی جا سکتی ہے اور صحت مند معاشرہ ہی ملک کی اصل ضرورت ہے اور ایک صحت مندانسان نا صرف اپنی زندگی میں بلکہ ملک کے لیئے فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔لاہور شہر میں گرائونڈ کی کمی ہونے کی وجہ سے آج کے بچے کھیلنے کے لیئے جگہ تلاش کرتے ہیں اور ایک وقت تھا کہ اسمبلی ہال کے پیچھے روڑا گراونڈاور حاجی کیمپ کے ساتھ مجیٹی ہال گراونڈ میںسارا دن بچے کرکٹ کھیلا کرتے تھے مگر ان گرائونڈ پرسرکاری عمارات کی تعمیرکی وجہ سے ان گرائونڈ سے ملحقہ علاقے،ریلوے سٹیشن،نولکھا چرچ،نکلسن روڈ،میکلورروڈ،گوالمنڈی،نسبت روڈ،لکشمی چوک،ایبٹ روڈ،ایجرٹن روڈ،گڑی شاہووغیرہ میں بسنے والے بچے کھیلنے کے لیئے گرائونڈکے لیئے محروم ہیں اور ایسی صورت میں بچے غیر نصابی سرگرمیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور منشیات جیسی دلدل میں پھنس جاتے ہیں ۔اس وقت لاہور شہر میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد اور ملک میں نوے لاکھ سے زیادہ افراد منشیات کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں جو حکومت اور عوام کے لیئے لمحہ فکریہ ہے اور انہی افراد سے دوسرے لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں اور پاکستان میں منشیات کی دلدل میںہر سال تقریبا پانچ لاکھ افراد کا اضافہ ہورہا ہے اور منشیات کا ناسور دن بہ دن بنی نو انسانیت کا کھائے جا رہا ہے اس وقت حکومت اور عوام کو ایک جان ہو کر منشیات کے خلاف شعور اجاگرکرنے کی اشد ضرورت ہے اور میڈیا بھی اس میں اپنا بھر پور کردار کرئے اور پنجاب حکومت بھی ڈینگی کی طرح منشیات سے پاک لاہور منصوبے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ سیف چائلڈفائونڈیشن منشیات سے پاک لاہور کے لیئے بھر پور خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی او لاہور نے ہائی کورٹ کے حکم پر شیشہ کیفے پر پابندی کرائی ہے جو ایک قابل تحسین کام ہے۔اس وقت شعور و آگاہی کے علاوہ کھیل ایک واحد راستہ ہے جس سے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور لاہور کو منشیات سے پاک کرنے میں مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

علامہ پروفیسر ساجد میر کی میاں نوازشریف کے بھائی میاں عباس شریف کی وفات پر تعزیت کا اظہار
لاہور(جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ علامہ پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلی حافظ عبدالکریم نے میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے بھائی میاں عباس شریف کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوںنے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عوام نے خدمت کا موقع دیا توپہلے سے زیادہ لیپ ٹاپ میرٹ سکالر زکو دیں گے،وزیراعلیٰ شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ پروگرام، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے شروع کیا ہے اورآئندہ بھی یہ پروگرام جاری رہے گا ،کوئی حکومت نوجوانوں کو با اختیار اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا یہ شاندار پروگرام ختم نہیں کر سکتیـپنجاب حکومت 8ارب روپے کی لاگت سے دولاکھ25ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کر رہی ہے اور رواں ماہ کے آخر تک تمام لیپ ٹاپ ذہین اور قابل طلبا و طالبات میںتقسیم کرنے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا ـلیپ ٹاپ پروگرام شفاف اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہےـوزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار آج ماڈل ٹائون میں لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی کی طالبات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاـ معاون خصوصی زعیم حسین قادری،کمشنر لاہور ڈویژن ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ،وائس چانسلر لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی اور اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھےـوزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت ذہین طلبا و طالبات کو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پرلیپ ٹاپ دیے جارہے ہیںـلیپ ٹا پ کی تقسیم کا پروگرام انتہائی شفاف ہے جس کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی گواہی دی ہےـاس پروگرام کے تحت میں خود بھی کسی کو ایک لیپ ٹاپ دینے کا اختیار نہیں رکھتا ـلیپ ٹاپ قابل اورذہین طلبہ کا حق ہے او ریہ حق انہیں ہم لوٹا رہے ہیںـانہوںنے کہاکہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دوران کسی کی حق تلفی نہیں کی گئی ـلیپ ٹاپ پروگرام میں کوئی صوابدیدی کوٹہ نہیں رکھا گیاـعوام نے خدمت کا موقع دیا توپہلے سے بڑھ کر میرٹ سکالرز کو لیپ ٹاپ دیں گے، کوئی حکومت لیپ ٹاپ پروگرام کو ختم نہیں کرسکتیـطالبات نے وزیراعلیٰ کی میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پالیسی کی تعریف کی او رکہاکہ وزیراعلیٰ نے میرٹ پر لیپ ٹاپ دے کر طلبا و طالبات کے دل جیت لیے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عوام کے مسترد سیاستدان میدان چھوڑ کر تعلیمی اداروں میں جلسے کررہے ہیں:ثمینہ خالد
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ عوام کے مسترد شدہ سیاستدان میدان چھوڑ کر تعلیمی اداروں میں جلسے کررہے ہیں ،ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے تو نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ہوتے ہیں ،یہاں تو علم کے ذریعہ کردار سازی کی جاتی ہے اس لئے ان اداروں کو انتخابی سیاست سے دور رکھا جائے ،پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ میدان سیاست میں ہی ہر وار کا مقابلہ کیاہے اور ریاست کے کسی ادارے کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا ،ریاست کی بنیاد ان اداروں پر ہی ہوتی ہے اس لئے انہیں مضبوط بنایا جانا چاہیے ،یہ ادارے جتنا زیادہ فعال ہوں گے عوام کے مسائل بھی اتنی تیزی سے حل ہوں گے،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مستحکم کرنے اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ق آئندہ انتخابات میں بھرپوراور منظم طریقے سے حصہ لے گی ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و لاہورمسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں مستحکم پارٹی ہے ، چوہدری برادران کی سیاسی ،مدبرانہ حکمت عملی نے مسلم لیگ ق کو مقبول ترین جماعت بنادیا ہے ان کی سیاست عوام، ملک اور مسلم لیگ کے لیے ہے۔مسلم لیگ ق آئندہ انتخابات میں بھرپوراور منظم طریقے سے حصہ لے گی۔اس سلسلہ میں مسلم لیگ کی تنظیم سازی کا عمل جاری ہے ،مسلم لیگ لاہور کے اہم عہدوں پر کارکنوں کی نامزدگی سے مسلم لیگ کا گراف بلند ہورہا ہے، اور کارکنوں میں نیا جوش و ولولہ پایا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسیم رومی سینئر نائب صدر پی پی143کے ساتھ آئے ہوئے مسلم لیگی ورکروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے تنظیم سازی کو نچلی سطح تک منظم کر کے امن پسند قوت کے طور پر سامنے آناہو گا۔مسلم لیگ ق آئندہ انتخابات اپنی اتحادی پارٹیوں کے ساتھ ملکرانتخابات میں کامیابی کے بعد کارکنوں کی مشکلات دور کر نے کے لیئے بھرپور کردار ادا کرے گی اورکارکنوں کے روزگار اور تعلیم کے لیئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلد الیکشن کا مطالبہ کرنے والوں کے پاس کھڑے کرنے کیلئے امیدوار تک نہیں وہ مسلم لیگ ق کے امیدواروں کو لالچ دے کر اپنے ساتھ ملارہے ہیں اور مسلم لیگ ق کے لوٹے امیدواروں کے سہارے الیکشن میں حصہ میں کامیابی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ماڈل ٹائون میں انڈر پاس شریف برادران کو فائدہ پہنچانے کے لیا بنایا گیا:سیدہ ماجدہ زیدی
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی سید ہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون میں انڈر پاس شریف برادران کو فائدہ پہنچانے کے لیا بنایا گیا ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سارے منصوبے صرف شریف برادران ک فائدہ کے لئے ہیں عوام کی فلاح کے لئے اب کہیں کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نزدیک فیروز پور روڈ سارا پنجاب ہے وہ پنجاب بھر کے فنڈز ماڈل ٹائون کے ارد گرد خرچ کر دئیے ہیں شریف برادران خدا کا خوف کریں اور عوام کی بھلائی کے لئے کام کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سابق دور میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر بد ترین کرپشن کی گئی:شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کی لوٹ مار تو کی لیکن عملی طو رپر کچھ نہ کیاـآج انہیں عام آدمی کیلئے شروع کئے جانے والے فلاحی منصوبوں پر تکلیف ہو رہی ہےـ30ارب روپے کی لاگت سے میٹروبس سروس کا عظیم الشان منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ـمیٹروبس چلنے سے عام آدمی کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیںگی اور مخالفین کو منہ کی کھانا پڑے گیـپنجاب حکومت نے قومی وسائل امانت سمجھتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے صرف کئے ہیںـصوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل سے عوام کو ریلیف ملاہےـماڈل ٹائون انڈر پاس ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے اور یہ منصوبہ بھی معیار ، شفافیت اور فن تعمیر کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہےـان خیالات کا اظہار انہوںنے آج ماڈل ٹائون انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیاـمعاون خصوصی زعیم حسین قادری،چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، اراکین اسمبلی پرویز ملک، رمضان صدیق بھٹی ، حافظ میاں نعمان، ڈاکٹر سعید الہی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ،ڈاٹریکٹر جنرل ایل ڈی اے ،ایم ڈی میٹروبس اتھارٹی،این ایل سی او رنیسپاک کے حکام کے علاوہ اہل علاقہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کیـوزیراعلی محمد شہبازشریف نے ماڈل ٹائون انڈر پاس کے منصوبے کی تکمیل پر شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ جمعہ کے مبارک دن یہ انڈر پاس پنجاب حکومت کا عوام کے لئے تحفہ اور ترقیاتی منصوبوں میں ایک اور سنگ میل ہےـ ماڈل ٹائون انڈر پاس تقریبا 50کروڑروپے کی لاگت سے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے،جس سے ٹریفک کے بہائو میں بہتری آئے گی اور شہریوں کوسہولت حاصل ہوگیـانہوںنے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا ایک اہم منصوبہ ہے ـ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اس سے بہتر منصوبہ پہلے کبھی نہیں آیاـاس منصوبے سے ٹرانسپورٹ کے کلچر میں نمایاں تبدیلی آئے گیـ میٹروبس سروس کا منصوبہ عام آدمی کے لئے ہے جس کے ذریعے عوام کو آرام دہ ، باکفایت اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گیـانہوںنے کہاکہ ہمارے منصوبوں پر تنقید کرنے والے اپنے دور میں کرپشن میں ملوث رہے اور انہیں اب اس بات کی تکلیف ہو رہی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہےـانہوںنے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ کے ذریعے گھنٹوں کا سفر منٹو ں میں طے ہوگا اور عام آدمی بروقت اپنی منزل پر پہنچے گاـمنصوبے پر دن رات کام جاری ہے او ر بہت جلد میٹروبس رواں دواں ہوگیـانہوںنے ماڈل ٹائون انڈرپاس کی تکمیل پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ،نیسپاک،ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے سی ٹی او سہیل احمد کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیںـانہوںنے کہاکہ میں منتخب نمائندوں کا بھی شکر گزار ہوں جو ماڈل ٹائون انڈر پاس کے منصوبے کی طرح تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ا پنا موثر کردار اداکر رہے ہیںـوزیراعلی نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کے بانی ہیں اورانہوںنے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کر کے جو احسان کیا ہے قوم ان کا احسان کبھی نہیںاتار سکتی ـقائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کرکے وہ کارنامہ سرانجام دیاہے جس کی نظیر نہیں ملتیـالطاف حسین کے قائد اعظم کے بارے میں بیان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہاکہ قائداعظم جیسی عظیم شخصیت کے بارے میںکسی بھی قسم کی منفی بات کرنا چاند پر تھوکنے کے مترادف ہےـپوری قوم قائد اعظم کا احترام کرتی ہے کسی کے کہنے سے ان کے عزت و احترام میں کمی نہیں آسکتیـانہوںنے کہاکہ بلوچستان ، سوات اور کراچی میں بے گناہ لوگوں کی شہادت پر دلی دکھ اورافسوس ہوا ہےـدعا ہے کہ اﷲ تعالی مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرےـانہوںنے دھماکوں میں سماء ٹی وی کے سینئر رپورٹر اور کیمرہ مین کی شہادت پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور کہاکہ گزشتہ روز پاکستان کی تاریخ کا ایک بدترین دن تھاـدہشت گردی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،انتہا پسند عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہیں ـہمیں مل کر ان کے نا پاک عزائم کو ناکام بناناہےـبعد ازاں وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تختی کی نقاب کشائی کر کے ماڈل ٹائون انڈر پاس کا افتتاح کیاـانہوںنے منصوبے کا معائنہ کیا اورافتتاح کے بعد ماڈل ٹائون انڈر پاس سے بھی گزرےـاس موقع پر شہریوں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھیـ
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لانگ مارچ کے شرکاء کو ریسیکو 1122کی سہولت دستیاب ہو گی:ترجمان پنجاب حکومت

لاہور(جی پی آئی)پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کے شرکاء کو ریسیکو 1122کی سہولت دستیاب ہو گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کی مجلس شورٰی کی کراچی میں ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کے بارے میں قرارداد

لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کی زیر صدارت منصورہ میں ہونے والا مرکزی مجلس شورٰی کا دو روزہ اجلاس گزشتہ رات ختم ہو گیا۔ اجلاس کے دوسرے روز کراچی میں ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کے بارے میں متفقہ طور پرایک قرار داد منظور کی گئی جس میں کہا گیاہے کہ کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق مکمل ہوناچاہیے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے زیر تسلط بننے والی ووٹرلسٹوں پر جماعت اسلامی کی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے واضح طور پر فیصلہ کیاتھاکہ کراچی میں ووٹر لسٹیں درست نہیں ۔25لاکھ ووٹرز کا اندراج دوسری جگہ کردیا گیا ہے جن میں سے لاکھوں کو ان کے موجودہ پتوں کے بجائے مستقل پتوں پر منتقل کردیاگیاتھا، اور کئی لاکھ ووٹرز کو اپنے اصل پتوں کے بجائے دوسرے علاقوں میں درج کیا گیا۔ ایک ایک گھر میں سینکڑوں افراد کا اندراج جبکہ ایک ہی پتے پر 4سے 5ہزار افراد کے اندراج کے واضح ثبوت ملنے پر سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیاتھاکہ ووٹرلسٹوں کی تصدیق فوج اور ایف سی کی مدد سے از سر نو کی جائے۔سپریم کورٹ کے فیصلے نے عوام کے حق کو تسلیم کیا تھا اور یرغمالی قوتوں کے اثر سے نکال کر شفاف فہرستیں بنانے کا حکم جاری کیاتھالیکن سپریم کورٹ کے حکم پر شروع ہونے والے نئے تصدیقی عمل میں فوج اور ایف سی کو عملاً علیحدہ کرنے اور محض سیکورٹی تک محدود کرنے کا اعلان کیا گیاتھا لیکن جب سے تصدیقی عمل شروع ہوا ہے تو فوج اور ایف سی کسی جگہ پر نظر نہیں آ رہی اور میڈیا ذرائع کے مطابق بے شمار جگہوں میں عملے نے فوج اور ایف سی کی موجودگی کے بغیر کام کرنے سے انکار کردیا۔ ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ تصدیقی عمل سپریم کورٹ کے فیصلے کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ اجلاس سمجھتاہے کہ کیونکہ کراچی میں موجودہ جعلی فہرستیں متحدہ قومی موومنٹ کی زیر نگرانی بنی ہیں اور عملاً کراچی میں الیکشن کمیشن کا عملہ ایم کیو ایم کے ہاتھوں یرغمال ہے ۔ لہٰذا ایسے تصدیقی عمل کو جس میں فوج کوسیکورٹی کی تک محدود کردیا جائے ، عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ اس جعلی فہرست پر سپریم کورٹ کی مہر لگانے کے مترادف ہوگاکیونکہ ایم کیو ایم کے افرادنے الیکشن کمیشن کے عملے اور کام کرنے والے سرکاری عملے کو ہی نہیںبلکہ گھر گھر جا کر عوام کو دھمکاناشروع کردیاہے کہ جیسی فہرستیں درج ہیں ۔ تصدیقی عمل میں بھی انہیں ویسا ہی بنایا جائے ۔ قرار داد میں کہا گیاہے کہ کراچی میں دہشت گردی کا راج ہے ۔ صرف 2012ء میں 2300سے زائد افراد ٹارگٹ، کلنگ کا نشانہ بنے۔ بھتہ خوری عروج پر ہے ۔ تجارت ،صنعت ، معیشت ہی نہیں انسانی زندگی بھی شدید بحران سے دوچار ہے اور اس پورے عمل میں حکومت میں شامل جماعتیں بالخصوص ایم کیو ایم شامل ہے۔ این آر او کے تحت 4000سے زائد افراد جن پر قتل،ڈاکے جیسے سنگین جرائم ہیں ، سے مقدمات ختم کردیئے گئے ہیں۔ 35سے زائد قاتل اور دہشت گرد پیرول پر رہاہو کر دندناتے پھرتے ہیں۔ صرف سال 2012ء میں 520بوری بند لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن اور شہر کی معزز شخصیت 80سالہ بزرگ حکیم محمود احمد برکاتی کو ان کے مطب میں گھس کر شہید کیا گیاہے۔ دہشت گردی کی یہ وارادت ایم کیو ایم کی اسی پالیسی کا نتیجہ ہے جس کے تحت شہر میں اپنے مخالفین پر خوف طاری کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جائیں ۔ ایسے وقت میں جب اگلے ہی روز ووٹر لسٹ کے تصدیقی عمل کا آغاز ہوناہے ۔ جماعت اسلامی کے ضلعی الیکشن سیل کے نگران کے مطب پر حملہ کرکے ان کے والد کا قتل ، صورت حال کی سنگینی کا ثبوت ہے۔ مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق شفاف ووٹرلسٹیں ہی قابل قبول ہوں گی ۔ کمپیوٹر کی مدد سے تمام فہرستوں کو گھرانہ وار ترتیب دیا جائے۔ ووٹرلسٹوں کی درستی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے فوج اور الیکشن کمیشن کے عملے دونوں کے پاس ووٹر لسٹیں ہونی چاہئیں ۔ فوجی جوان اور الیکشن کمیشن کا عملہ ہر گھر پرجائے، ان کے اصل نادرا شناختی کارڈ کی تصدیق کرکے فہرست میں درج کریں اور ہر روز یہ فہرست ڈیٹا بیس میں منتقل کی جائیں ۔فہرستوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے عام کیا جائے۔کراچی کی آبادیوں میں سڑکوں اور گلیوں میں موجود رکاوٹوں(Barriers) کا خاتمہ کیا جائے۔تمام اسٹیک ہولڈرز کے اطمینان کے مطابق الیکشن کے اس اہم مرحلے کو مکمل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سوڈان کے سفیر الشفیع احمد محمد ، نائب سفیر معاوہ ، جہانگیر بدر اورعلامہ زبیر ا حمدظہیر کی منصورہ میں سید منور حسن سے ملاقات

لاہور(جی پی آئی)پاکستان میں سوڈان کے سفیر الشفیع احمد محمد اور نائب سفیر معاویہ نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن و دیگر ذمہ داران جماعت سے ملاقات کی اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفور احمد کے انتقال پر تعزیت کی اور سید منور حسن کے نام سوڈانی صدر عمر حسن البشیر کا تعزیتی خط پہنچایا ۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر اور جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ زبیر احمد ظہیر نے بھی وفد کے ہمراہ سید منورحسن سے منصورہ میں ملاقات کی اور ان سے قاضی حسین احمد کی وفات پر تعزیت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سید منورحسن اور لیاقت بلوچ کا عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے نوازشریف اور شہبازشریف کے بھائی عباس شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اورلواحقین سے دلی ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔