لاہور کی خبریں 30.01.2013

شریف برادران 99 ء سے قومی بنکوں کے ڈیفالٹر ہیں ، ق لیگ
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ناصر محمود گل نے زعیم قادری کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ پنجاب کے حکمران 5 سال الٹا لٹکنے کے باوجود چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف ایک پائی کی بے ضابطگی سامنے نہیں لاسکے ، زعیم قادری کی چوہدری پرویز الہٰی پر تنقید چھوٹا منہ بڑی بات  ہے،انہوں نے کہا کہ ریاستی طاقت اور وسائل کے باوجود ن لیگ والے مسلم لیگ کے کسی لیڈر کے دامن پر کوئی داغ نہیں لگاسکے ، انہوں نے کہا کہ زعیم قادری جواب دیں کہ کیا شریف برادران 99 ء سے آج تک قومی بنکوں کے ڈیفالٹر نہیں ؟ اور ان کے اثاثوں پر عدالت نے برائے فروخت کے اشتہا ر نہیں لگا رکھے ؟بے شمار قانونی پیچیدگیوں اور ہتھکنڈوں کے باعث اتفاق فونڈری کے اثاثے بک سکے اور نہ ہی قومی دولت قومی بنکوں میں واپس جمع ہو سکی ، سائنسی طریقے سے کی گئی لوٹ مار کا حساب تا حال باقی ہے اور کیس عدالتوں میں ہیں اگر ڈاکٹر طاہر القادری کے حکومت کے ساتھ معاہدے پر 100 فیصد عمل ہو گیا تو آئین کی دفعہ 62 اور 63 کے تحت زعیم قادری کے آقا انتخابی عمل سے باہر ہو جائیں گے ، ن لیگ کے لیڈروں کی مذکورہ معاہدہ پر چیخیں بے جا نہیں ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کا  لیاقت بلوچ کی صدارت میں مشاورتی اجلاس
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی صدارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ الفلاح ہائوس کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں بلوچستان کی گھمبیر صورتحال پر غور اور مشاورت سے فیصلے کیے گیے اجلاس میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالقادر لونی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ،فقیر خوشحال ،بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے غلام نبی مری ، حاجی محمد ابراہیم پرکانی ، احمد نوازبلوچ ،پاکستان تحریک انصاف کے محمد قاسم سوری ،محمد دائود،جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی ،مولوی جان محمد ، مولانا عبدالحق ہاشمی بشیراحمد ماندائی ، زاہدا ختر بلوچ ، سید امان اللہ شادیزئی ، ڈاکٹر محمد ابراہیم ،مولانا عبدالکبیر شاکر،سمیت جمعیت طلبہ عربیہ کے صوبائی منتظم مولانا عبدالحمید منصوری ،شباب ملی کے صوبائی صدر محمد عارف دمڑاورحاجی شینگل بڑیچ ودیگرنے شرکت کی ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان بارود پرکھڑا ،بدامنی لوٹ مار اورقتل وغارت گری جاری ہے سابق صوبائی حکومت کو اپنے کرتوتوں ،غفلت وکوتاہی اور بے گناہوں کے قتل عام ،اغواء ،کرپشن وکمیشن کی وجہ سے معطل ہونا پڑا ۔ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہر طرف بدامنی جاری ہے مگر بلوچستان میں حکومتی غفلت نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے ۔حکومت کی بحالی سے حالات مزید خراب ہوں گے حکومت کو بحال کرنے کے بجائے قاتلوں ،چوروں ،ڈاکوئوں اور عوام کی زندگی اجیرن کرنے والوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے ،کراچی میں بھتہ خوروں اور لاشوں کی سیاست کرنے والوں کو دوبار ہ مسلط کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کے خلاف سیاسی جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں ۔ اجلاس میں شریک جماعتوں کے رہنمائوں نے بلوچستان اور کراچی کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی جمہوری پارٹی گورنر راج کی حمایت نہیں کرسکتی لیکن سابقہ حکمرانوں نے اپنی کرپشن نااہلی اورصوبے میں بدترین بدامنی کی وجہ سے گورنرراج لگوایااب موجودہ حکمران بھی اپنا کرداراداکرنے کے بجائے حالات کو اس طرف لے جارہے ہیں جو انتخابات کے التواء کا باعث بن سکتے ہیں اس موقع پر اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ موجودہ کرپٹ حکومت کو بحال کرنے کے بجائے سپریم کورت کے فیصلے پر اس کی رو ح کے مطابق عمل کیاجائے ۔موجود ہ حکمران سابقہ حکمرانوں کی روش پر چلنے کے بجائے عوام کے حق حکمرانی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کریں امن وامان کی بحالی کرپشن کے خاتمے سابق وزراء کے احتساب ،ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اپناکردار ادا کریں ۔موجودہ نگران سیٹ اپ اپنی معیادکوطول دینے کے بجائے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کیلئے ماحول کو سازگاربناتے ہوئے فوری طور پر انتخابی شیڈول کا اعلان کریں ۔نگران حکومت کیلئے اسمبلی سے باہرتمام حقیقی اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت کو لازمی قراردیاجائے ۔اجلاس میں ان مطالبات کی منظوری کیلئے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ بھی کیاگیا اور اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ اگر بلوچستان کی سابق غیر آئینی حکومت کو سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجودبحال کیاگیا تو اپوزیشن کی تمام پارٹیاں اس کے خلاف بھرپور ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیگی اجلاس میں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے صوبائی قیادت کے ہمراہ کوئٹہ میں ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اپنے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے لگائے گئے  کیمپ میں بھی شرکت کی اور انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافے کیلئے برطانیہ کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں :  وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا ہے۔ اس چیلنج سے اجتماعی حکمت عملی اپنا کر نمٹا جا سکتا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافے کیلئے برطانیہ کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی استعدادکار میں اضافہ کیا جارہاہے۔ ترکی کے تعاون سے پولیس افسروں کو انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ وہ آج ماڈل ٹائون میں برطانیہ کے سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹرچارلس فر  (Mr. Charles Farr)سے ملاقات کر رہے تھے۔سینئر مشیر سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، ارکان اسمبلی رانا تنویر، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین وزیراعلیٰ مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن سیل بریگیڈیئر (ر) انیس احمدکے علاوہ برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا عمل آگے بڑھانے کیلئے معاشرے میں قیام امن انتہائی ضروری ہے۔ بدقسمتی سے حالیہ برسوں میں پاکستان سمیت پورا خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ برطانیہ کی طرف سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز کی تربیت اور استعدادکار میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ کریمنل جسٹس سسٹم کو موثر بنانے کیلئے بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے،چنانچہ اس مقصد کیلئے لاہور میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔ فرانزک سائنس لیبارٹری میں اہم کیسوں کے شواہد کی تصدیق کی جاتی ہے۔ اس لیبارٹری سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کو فرانزک سے متعلق جدید سہولیات میسر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تشکیل دینے پر کام جاری ہے جس کے تحت جرائم سے موثر طور پر نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی سکیورٹی اینڈ کائونٹرٹیررازم برطانیہ مسٹر چارلس فر نے یقین دلایا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کوبہتر بنانے کے سلسلے میں تعاون جاری رکھے گا۔پنجاب حکومت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

غیر ملکی قوتیں بھارت اور اس کے حمایتی امریکہ کے علاوہ اور کوئی نہیں:خورشید احمد
لاہور(جی پی آئی)نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد نے سینیٹر میاں رضا ربانی کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے انتخابات ملتوی کرانے اور جمہوریت کے خلاف سازش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پروفیسر خورشید احمد نے کہا ہے کہ جمہوریت کی جو بھی کمزوریاں ہیں، اس کا جاری رہنا پاکستان کے مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ کراچی کے حوالے سے وزیر داخلہ کے بیان اور کراچی میں جاری خونریزی سے متعلق غیر ملکی قوتوں کے ملوث ہونے کے انکشاف کا بھی سختی سے نوٹس لے۔ پروفیسر خورشید احمد نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ یہ غیر ملکی قوتیں بھارت اور اس کے حمایتی امریکہ کے علاوہ اور کوئی نہیں۔پروفیسر خورشید احمد کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے یہ دونوں بیانات عوام، بالخصوص سیاسی قیادت کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک کو بچانے کے لیے آگے آئیں، جو اس وقت شدید خطرات سے دوچار ہے۔  انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان حالات سے نکلنے کا واحد راستہ فوری انتخابات اور تمام فریقین اور سیاسی جماعتوں کے اندر آئینی عمل کو جاری رکھنے پر باہمی مفاہمت ہے۔پروفیسر خورشید احمد نے الیکشن کمیشن سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور اُن تمام اقدامات کو بروئے کار لائے جن سے عوام کا اعتماد الیکشن کمیشن پر قائم ہوسکے۔الیکشن کمیشن  کو آئین کے مطابق صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے چاہئیں،اور کسی بھی معاملے پر مصلحت کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کی تحلیل یا اس کے نئے سرے سے قیام کی باتیں خطرناک ہیں جس کی بہرصورت مخالفت کرنی چاہیے۔تاہم انہوں نے تجویز دی کہ الیکشن کمیشن کو اپنا آئینی کردار ادا کرنے کے لیے زیادہ فعال ہونا چاہیے، تاکہ اس کی فعالیت سے متعلق شکوک کا خاتمہ کیا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ کا 10فروری کو میٹروبس پراجیکٹ کے افتتاح کا اعلان،چارہفتے بسیں مفت چلیں گی، شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ کو ایک مشن سمجھ کر مکمل کیاجارہا ہے اور انشاء اللہ 10 فروری کو اس شاندار عوامی مفاد عامہ کے منصوبے کا افتتاح کردیا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے یہ سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ عام آدمی کیلئے بنایا ہے۔ میٹرو بسیں 4 ہفتے تک عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی اور میٹروبس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا۔وہ آج ماڈل ٹائون میں میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف، پرویز ملک، میاں مرغوب احمد، بلال یاسین، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، ایم پی اے مہر اشتیاق احمد، خواجہ عمران نذیر،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے افتتاح کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہوگا۔ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ایک نیا پاکستان تعمیر کرنے کی طرف حقیقی قدم اٹھایا ہے۔ یہ عظیم الشان منصوبہ 11 ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہاہے۔ اس میں 8کلومیٹرسے طویل فلائی اوور بھی بنایا گیاہے جو فن تعمیر کا شاہکار ہے ۔منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور اس منصوبے میں ٹھیکیدار وں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ میٹرو بس کیلئے بنائے گئے سٹیشنوں پر الیکٹرانک ٹکٹنگ کا جدید نظام لگایا گیا ہے جبکہ بزرگوں اور معذور افراد کی سہولت کیلئے برقی زینے نصب کئے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گااور شہریوں کے طرز سفر میں بھی نمایاں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کرکے عوام کو ان کا حق لوٹا رہی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے بڑی تیزی سے مکمل کئے ہیں۔ میٹرو بس سروس بھی خدمت خلق کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں عام آدمی کیلئے ایسا عظیم الشان منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ اس پراجیکٹ پر وہ عناصر تنقید کر رہے ہیں جو عام آدمی کی فلاح و بہبود نہیں چاہتے۔ تاہم پنجاب حکومت عوام کی بہتری کے ایسے منصوبے مکمل کرتی رہے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میٹرو بس پراجیکٹ ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کی جانب ایک قدم ہے اور میٹرو بس سروس کے شروع ہوتے ہی عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سے نام نہاد ناقدین کے منہ بند ہوجائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ میٹرو بس پراجیکٹ صرف لاہورہی کا نہیں بلکہ یہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔اجلاس کے دوران میٹروبس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیاگیااور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن میں عوام موجودہ حکمرانوںکو یکسرمسترد کر دیں گے، یا سر گیلانی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے رہنما انجینئر یا سر گیلانی نے NA-118 شاہدرہ میںتحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم خان سے انکی رہائش گا ہ پر ملا قات کی۔ پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر محمد امجد،میاں مبشر،عندالمنان،میاں اقبال، میاں سہیل، حمزہ خان، ابوبکر عظیم،حماد خان و دیگرافراد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کی کوششوں کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کی کچھ لوگ اپنے آنکھوں پر پٹی باندھے بیٹھے ہیں وہ وقت دور نہیں جب ہر طرف عمران خان کا چرچا ہو گا اور نا اہل لوگ منہ چھپانے کی جگہ ڈھونڈتے پھریں گے۔ انہوں نے عزم کیا کہ تحریک انصاف کے لئے پہلے سے زیادہ کوشش کی جائے گی اور شاہدرہ سے تحریک انصاف انشاء اللہ کلین سویپ کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کا بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ نیپرا کی طرف سے بجلی ٹیرف میں ایک مرتبہ پھر 1 روپیہ 33پیسے کا اضافہ غیر منصفانہ ، غیر آئینی ، غیر اخلاقی ہی نہیں، انتہائی ظالمانہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے نرخ پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اس پر ناروا ٹیکس عائد کیے ہیں جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ پوری ڈھٹائی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدالت عالیہ فیصلہ دے چکی ہے کہ 350 یونٹ تک فیول ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہ کیا جائے لیکن واپڈا، تقسیم کار کمپنیاں او ر نیپرا عدالتوں کی پرواہ کیے بغیر عوام پر مہنگائی کے کلہاڑے چلانے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیا اضافہ واپس لیا جائے اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافے کے بغیر بل بھیجے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایل ڈی اے کے وسائل لاہور کے چند پوش علاقوں میں خرچ ہو رہے ہیں ، راجہ محمد اظہر
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ لاہور کا ہنگامی اجلاس میاں میر کالونی لاہور کینٹ میں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ محمد اظہر کی صدارت میں ہوا ، راجہ اظہر نے کہا کہ ایل ڈی اے کے وسائل لاہور کے چند پوش علاقوں میں خرچ کیے جارہے ہیں جو عوام سے زیادتی ہے ، میاں میر کالونی کے ہزاروں شہری عرصہ دراز سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ریلوے لائن پر پلی تعمیر کی جائے پلی نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز لوگ حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن پلی تعمیر نہ کی گئی تو علاقہ کے عوام مظاہرے کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چودھری پرویزالٰہی نے ممتاز صحافی عباس اطہر کی عیادت کی، گلدستہ پیش کیا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماو نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج ممتاز صحافی، کالم نگار، شاعر، دانشور اور روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر عباس اطہر کی عیادت کی، گلدستہ پیش کیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اس موقع پر سی ایم ایچ کے کمانڈنگ آفیسر بریگیڈیئر نصیر احمد نے چودھری پرویزالٰہی کو عباس اطہر کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ بہت جلد صحت یاب ہو کر گھر جا سکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے حکومت جمہوری مدت پوری کر رہی ہے:عابد حسین صدیقی
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی عوام دوست اور ملکی مفاد کی پالیسیوں کی وجہ سے حکومت جمہوری مدت پوری کر رہی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری نظام کے خلاف بہت سازشیں ہوئی لیکن عوام نے انہیں ناکام بنایا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری نظام کے استحکام اور مضبوطی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کردار کی وجہ سے ہی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔ عوام ملک میں جمہوری نظام چاہتے ہیں۔ وہی اس نظام کے محافظ ہیں۔ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام کے مسائل حل کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ جمہوری نظام کے استحکام سے ہی ریاستیں ترقی کرتی ہیں اور عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں یہی نظام عوام کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔ موجودہ حکومت کا مدت پوری کرنے کا سہرا پیپلز پارٹی کی قیادت کے سر پر ہے جس نے تمام تر مشکلات کے باوجود اس نظام کو محفوظ بنائے رکھا۔ پیپلز پارٹی کی کامیاب کوشش سے ملک میں نئے جمہوری دور کا آغاز ہوا ہے اور جمہوریت کی بالا دستی قائم ہوئی جس سے پارلیمنٹ کو استحکام ملا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کارکنان کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے:محمد ثروت اعجاز قادری
لاہور(جی پی آئی ) سربراہ پاکستا ن سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کارکنان کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے۔ حکومت اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ نیو کراچی میں دو کارکن اور ایک معصوم بچے کو موت کی نیند سلادیا گیا۔ حکمرانوں کی چشم پوشی اور پولیس کی جانبداری کی وجہ سے کراچی دہشت گردی کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو ایک بھی کلرز نہیں بچے گا۔ حکومت ،پولیس اور انتظامیہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف عملی کاروائی عمل میں لائیںوگرنہ راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیو کراچی میں4گھنٹے میں دو کارکنوں محمد اکرم قادری، محمد خالد قادری اور ایک معصوم بچے کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کراچی کی مدھم روشنیاں ،سیاسی اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت منفی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ حکمرانوں کی منفی پالیسیوں کی وجہ سے شہر کوٹارگٹ کلرز یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی موجودہ بگڑتی ہوئی صورتحال اور بے گناہ افراد کے قتل میں کوئی تیسرا ہاتھ ملوث نہیں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اچھی طرح جانتے ہیں کہ دہشت گرد اور کلرز کس کی صفوں میں موجود ہیں۔ ثروت اعجازقادری نے صدر مملکت، وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ اکرم قادری، خالد قادری کے قافلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ وگرنہ سخت احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر، عام شہری، سیاسی ومذہبی جماعتوں کے کارکنان ٹارگٹ کلنگ سے محفوظ نہیں ہیں اور حکمران سب ٹھیک ہے کہ کھلے دعوے کرتے نہیں تھک رہے ہیں جو حقائق پر پردہ ڈالنے کے مترادف عمل ہے۔
۔