لندن: شیکسپیئر فیسٹیول کا آغاز

London Shakespeare Festival opened

London Shakespeare Festival opened

لندن : (جیو ڈیسک) لندن میں اس تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے جس میں برطانوی ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کے سینتیس ڈرامے سینتیس مختلف زبانوں میں پیش کیے جائیں گے۔گلوب ٹوگلوب نامی یہ تھیٹر فیسٹیول ورلڈ شیکسپیئر فیسٹیول کا حصہ ہے جس کا آغاز پیر کو مصنف کی سالگرہ کے موقع پر ہوا ہے۔

اس میلے کو لندن میں موسمِ گرما میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں سے جڑی تقاریب کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔گلوب ٹو گلوب کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے جو فنکار گلوب تھیٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے ان میں پاکستانی اداکار اور اداکارائیں بھی شامل ہیں جو شیکسپیئر کے ڈرامے ٹیمنگ آف دی شریو کو اردو زبان میں پیش کریں گے۔ ان کے علاوہ کنگ لیئر کو بیلاروسی، ہملٹ کو لیتھوینین زبان میں پیش کیا جائے گا جبکہ اوتھیلو کی کہانی ہپ ہاپ ڈانس کی مدد سے بیان کی جائے گی۔
.
گلوب ٹو گلوب کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ٹام برڈ کا کہنا ہے کہ اگر آپ ان اداکاروں کی بولی کو نہیں سمجھ پاتے تب بھی آپ کے لیے کہانی سمجھنا مشکل نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق دنیا بھر میں لوگوں نے شیکسپیئر کو دل سے قبول کیا ہے۔ لوگ انہیں ایک برطانوی شاعر نہیں سمجھتے بلکہ عالمی ثقافت کا حصہ مانتے ہیں۔