لیبیا میں اختیارات نومنتخب نمائندوں کومنتقل

libya parliament

libya parliament

لیبیا (جیوڈیسک) لیبیا کی حکمران کونسل نے اختیارات نومنتخب اسمبلی کو منتقل کر دیئے ہیں، لیبیا میں اقتدار کی منتقلی شمال افریقی ممالک کی تاریخ میں اختیارات کی پہلی پرامن منتقلی ہے۔ رات گئے دارالحکومت طرابلس میں ایک پر وقار تقریب کے دوران معمر قذافی کے بعد اقتدار سنبھالنے والی اپوزیشن کی سیاسی ونگ نیشنل ٹرانزیشنل کونسل نے اختیارات جولائی میں منتخب ہونیوالی نیشنل کانگریس کو منتقل کر دیے۔

تقریب میں نیشنل ٹرانزیشنل کونسل کے چیئرمین مصطفی عبدالجلیل نے علامتی طور پر اقتدار دو سو ممبران پر مشتمل نئی اسمبلی کے عمر رسیدہ رکن محمد علی صالم کے حوالے کیے۔ اس موقع پر طرابلس کے شہدا اسکوائر پر ہونیوالی تقریب میں عوام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، اقتدار کی پرامن منتقلی کے بعد آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ نئی اسمبلی جلد ہی نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریگی جس کے بعد وزیر اعظم کابینہ تشکیل دیں گے۔