لیبیا میں امریکی میرینز تعینات کرنے کی اجازت

 Leon panetta

Leon panetta

واشنگٹن(جیوڈیسک) امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے امریکی سفیر پرحملے کے بعد لیبیا میں میرینز تعینات کرنے کی اجازت دے دی۔ خلیج میں موجود بحری بیڑوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جارج لٹل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ امریکی وزیر دفاع نے یہ فیصلہ لیبیا میں امریکی سفیر کی ہلاکت کے بعد کیا۔ ترجمان کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور امریکی محکمہ انصاف نے لیبیا میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔اس حملے میں جہادی تنظیموں سے منسلک گروہوں کے ملوث ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے دو جنگی جہازوں کو بھی لیبیا کے ساحل کے قریب احتیاطی تدابیر کے طور پر بھیجا جا رہا ہے۔ امریکی صدر براک اوباما نے یمن کے صدر کو فون کیا اور سفارتی عملے کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرین سے جھڑپوں میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔