مصری صدر محمد مرسی کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج

Egypt Protest

Egypt Protest

مصر (جیوڈیسک) مصری صدر محمد مرسی کی جانب سے اختیارات میں اضافے کے خلاف اپوزیشن سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین نے حکمران جماعت اخوان المسلمین کے تین دفاتر جلادیئے۔ دارالحکومت قاہرہ میں اپوزیشن کے ہزاروں کارکن تحریر اسکوائرمیں جمع ہوئے اورصدرمرسی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے سیکیورٹی فورسز نے آنسوگیس کے شیل برسائے اور لاٹھی چارج کیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھرا کیا جس پرتحریراسکوائرمیدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

اسکندریہ، سوئز، اسماعیلیہ اور پورٹ سعید میں مشتعل افراد نے حکمران جماعت اخوان المسلمین کے دفاتر کو آگ لگا دی۔ صدرمرسی نے ایک نئے قانون کے تحت وسیع تر اختیارات حاصل کر لئے ہیں جس کے بعد وہ اپنے فیصلوں کے حوالے سے سپریم کورٹ سمیت کسی کو جواب دہ نہیں رہے۔ مظاہروں کے بعد دارالحکومت قاہرہ میں تمام اہم سرکاری عمارتوں پر فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے صدرکو دور حاضر کا فرعون قراردیتے ہوئے کہا ہے وہ ملک پر آمریت مسلط کر رہے ہیں۔