ملکی ترقی کے لئے ورکنگ وومن کا کردار نہایت اہم ہے۔ نوازش علی

گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او نوازش علی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے ورکنگ وومن کا کردار نہایت اہم ہے۔ ملکی آبادی کے 51فیصد کو اس دھارے میں شامل کر دیا جائے تو معاشی ترقی میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں ورکنگ وومن کی اہمیت اور انکے مسائل اجاگر کرنے کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ضلعی صدر مسلم لیگ ن شعبہ خواتین نگہت قریشی نے صدارت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گجرات مدیحہ سید، ڈی او پلاننگ صائمہ غفور، جینڈر سپیشلسٹ ارشد بیگ، میڈیم غزالہ، عظمی صدیق اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ ای ڈی او ز چوہدری محمد نواز، طاہر کاشف ،ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، ڈی او، محمد ارشدو دیگر افسران اور بڑی تعداد میں کارکن خواتین نے شرکت کی۔ نوازش علی نے کہا کہ ضلع گجرات میں مختلف محکموں میں تعینات ورکنگ وومن کی کارکردگی نے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات نے انسداد پولیو مہم میں ملک بھر میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ تعلیمی میدان میں بھی اسکی پوزیشن ٹاپ ٹین کیطرف جارہی ہے اور اس اہم کامیابی میں محکمہ صحت اور تعلیم میں تعینات خواتین نے نہایت اہم رول ادا کیا ہے۔ڈی سی او نوازش علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میں شہباز شریف خواتین کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور انکے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین ہر قسم کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور اسکا ثبوت میڈیکل کالجز اور جامعہ گجرات میں طالبات کی تعداد ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات برئوے کار لائے گی۔ضلعی صدر مسلم لیگ ن شعبہ خواتین نگہت قریشی نے سیمینار کے شرکاء کو حکومت کی طرف سے خواتین کے تحفظ اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات اور قانون سازی بارے آگاہ کیا۔ ڈی اوپلاننگ صائمہ غفور نے خواتین کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔