ملک بچانے کیلئے حکومت، فوج اور عوام کو متفق ہونا ہو گا، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے حکومت، مسلح افواج، سیاسی ومذہبی جماعتیں اور عوام دہشت گردی کے خلاف یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو جائیں۔

صدرآصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ صدر مملکت نے ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کی شہادت پر تعزیت کی۔ الطاف حسین نے صدرمملکت سے گفتگو میں کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے حکومت، مسلح افواج، سیاسی و مذہبی جماعتوں اورعوام کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔

صدر زرداری نے الطاف حسین کے موقف کی تائید کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے الطاف حسین سے ٹیلی فون پر ایم کیو ایم کے رہنما منظر امام کی شہادت پر تعزیت کی۔ اس موقع پراسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں، ملکر کا مقابلہ نہ کیا گیا تو نجات ممکن نہیں۔